وینس نے مذاکرات کو تعمیری قرار دے دیا، اگلا قدم ایران پر منحصر
انہوں نے کہا کہ یہ ملاقات اپنی نوعیت کے اعتبار سے غیر معمولی تھی کیونکہ اس سطح کے رابطے ماضی میں کم ہی دیکھنے میں آئے ہیں، حتیٰ کہ ایران کی موجودہ قیادت کے دور میں بھی اس کی مثال نہیں ملتی۔
واشنگٹن: امریکی نائب صدر جے ڈی وینس نے اسلام آباد میں ایران کے ساتھ ہونے والے مذاکرات کو مثبت قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ اہم پیش رفت ہوئی ہے، تاہم آئندہ لائحہ عمل کا انحصار تہران کے فیصلوں پر ہوگا۔
غیر ملکی میڈیا سے گفتگو میں امریکی نائب صدر جے ڈی وینس نے کہا کہ ایران اور امریکہ کے درمیان بات چیت تعمیری ماحول میں ہوئی اور متعدد اہم امور پر پیش رفت سامنے آئی ہے۔
انہوں نے کہا کہ یہ ملاقات اپنی نوعیت کے اعتبار سے غیر معمولی تھی کیونکہ اس سطح کے رابطے ماضی میں کم ہی دیکھنے میں آئے ہیں، حتیٰ کہ ایران کی موجودہ قیادت کے دور میں بھی اس کی مثال نہیں ملتی۔
جے ڈی وینس نے واضح کیا کہ امریکہ کے لیے سب سے اہم نکتہ یہ ہے کہ ایران کسی بھی صورت جوہری ہتھیار حاصل نہ کرے، اور واشنگٹن کی تمام پالیسیاں اسی بنیادی اصول کے گرد گھومتی ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ مذاکرات میں پیش رفت ضرور ہوئی ہے، تاہم آئندہ کے اقدامات کا فیصلہ اب ایران کی جانب سے کیا جائے گا۔