یہ ’’اپنے لوگ‘‘ کون ہیں؟ مادھوی لتا کے ویڈیو پر انٹرنیٹ صارفین کا سوال (ویڈیو دیکھیں)
ایک طرف جہاں مادھوی لتا نے برقعہ پوش خواتین کے چہروں سے نقاب ہٹانے کی کوشش کرتے ہوئے مختلف الزامات عائد کئے تو دوسری طرف ویڈیوز بناکر ’’اپنے لوگوں‘‘ کو گھروں سے باہر نکل کر آنے اور ووٹ ڈالنے کی جذباتی بلکہ بھڑکانے والی اپیل کرتے ہوئے دیکھا گیا۔
حیدرآباد: لوک سبھا انتخابات کے چوتھے مرحلے میں آج پولنگ حیدرآباد حلقہ میں بھی ووٹ ڈالے گئے۔ صبح سے ہی پولنگ بوتھس پر رائے دہندوں کی قطاریں دیکھی گئیں۔
حیدرآباد میں رائے دہی کا تناسب وقت گذرنے کے ساتھ ساتھ آہستہ آہستہ بڑھتا رہا اور لوگ ووٹ ڈالنے کے لئے اپنی مصروفیات چھوڑ کر پولنگ بوتھ پہنچے اور حق رائے دہی سے استفادہ کیا۔
دوسری طرف حیدرآباد حلقہ لوک سبھا کی بی جے پی امیدوار مادھوی لتا کو مختلف پولنگ بوتھ پہنچ کر قابل اعتراض حرکات کرتے ہوئے دیکھا گیا۔
ایک طرف جہاں مادھوی لتا نے برقعہ پوش خواتین کے چہروں سے نقاب ہٹانے کی کوشش کرتے ہوئے مختلف الزامات عائد کئے تو دوسری طرف ویڈیوز بناکر ’’اپنے لوگوں‘‘ کو گھروں سے باہر نکل کر آنے اور ووٹ ڈالنے کی جذباتی بلکہ بھڑکانے والی اپیل کرتے ہوئے دیکھا گیا۔
مادھوی لتا کا ایک ویڈیو وائرل ہورہا ہے جس میں وہ ’’اپنے لوگوں‘‘ کو گھروں سے باہر نکل کر آنے اور ووٹ ڈالنے کی اپیل کرتی ہوئی نظر آرہی ہیں۔ انٹرنیٹ پر لوگوں نے سوال کیا ہے یہ ’’اپنے لوگ‘‘ کون ہیں؟
وہ ویڈیو میں کہتی ہیں، ہمیں گھروں سے نکل کر باہر آنا پڑے گا اور ووٹ دینا پڑے گا نہیں تو 40 سالوں سے جو ظلم ہورہا ہے، وہ کبھی ختم نہیں ہوگا۔
یہ بات اظہر من الشمس ہے کہ بی جے پی کس طرح کھلے عام مذہب کی سیاست کررہی ہے اور اس کے امیدوار کس طرح ہندو مسلم کے خطوط پر ووٹرس کو بھڑکانے اور انہیں تقسیم کرنے کی کوشش کررہے ہیں؟
انٹرنیٹ صارفین نے مادھوی لتا کے اس ویڈیو پر الیکشن کمیشن سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ بی جے پی امیدوارہ کے لئے مقدمہ درج کرکے ان کے خلاف سخت قانونی کارروائی کرے۔