وائناڈ کے 2 ارکانِ پارلیمنٹ ہوں گے:راہول گاندھی
کانگریس قائد راہول گاندھی نے آج کہا کہ وائناڈ ملک کا واحد حلقہ ہوگا، جہاں سے دو ارکان، پارلیمنٹ میں ہوں گے۔
وائناڈ (کیرالا) (پی ٹی آئی) کانگریس قائد راہول گاندھی نے آج کہا کہ وائناڈ ملک کا واحد حلقہ ہوگا، جہاں سے دو ارکان، پارلیمنٹ میں ہوں گے۔
انہوں نے پہاڑی ضلع کے عوام سے اپیل کی کہ وہ ان کی بہن پرینکا گاندھی کو ووٹ دیں جو پہلی مرتبہ انتخابی میدان میں قدم رکھ رہی ہیں۔
لوک سبھا میں قائد ِ اپوزیشن نے کہا کہ پرینکا وائناڈ کی باضابطہ رکن پارلیمنٹ ہوں گی جب کہ وہ(راہول) غیرسرکاری رکن پارلیمنٹ ہوں گے۔ ضمنی انتخاب کے لیے اپنی بہن کے پرچہئ نامزدگی داخل کرنے سے قبل یہاں کلپٹا میں ایک بڑے روڈ شو کے بعد جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے راہول گاندھی نے کہا کہ ایک پارلیمنٹ کا باضابطہ رکن ہوگا جب کہ دوسرا غیرسرکاری رکن پارلیمنٹ ہوگا اور دونوں مل کر وائناڈ کے عوام کو تحفظ کے لیے کام کریں گے۔
راہول گاندھی جنہوں نے 2019ء تا 2024ء وائناڈ لوک سبھا حلقہ کی نمائندگی کی ہے، مزید کہا کہ ضلع کے عوام نے جس طرح ان کی ضرورت کے وقت ان کا تحفظ اور دیکھ بھال کی، اسی طرح ان کی بہن کا بھی تحفظ اور دیکھ بھال کرنا چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ میں سمجھتا ہوں کہ آپ سب اس بات سے بخوبی واقف ہیں کہ وائناڈ کے عوام سے میرا کیا رشتہ ہے۔
میں نے جو راکھی پہنی ہے وہ میری بہن نے تیار کی ہے۔ میں اس وقت تک اسے نہیں اتارتا جب تک کہ یہ ٹوٹ نہ جائے۔ یہ ایک بھائی کی جانب سے اپنی بہن کی حفاظت کی علامت ہے، اسی لیے میں وائناڈ کے عوام سے درخواست کرتا ہوں کہ آپ میری بہن کی دیکھ بھال کریں اور اس کی حفاظت کریں۔ وہ وائناڈ کے مسائل کے حل کے لیے اپنی تمام توانائی صرف کردے گی اور آپ کا تحفظ کرے گی۔
انھوں نے مزید کہا کہ وائناڈ کے بے ضابطہ رکن پارلیمنٹ کی حیثیت سے وہ یہاں آئیں گے اور عوام کو درپیش مسائل میں مداخلت کریں گے۔ راہول نے مزید کہا کہ وہ اپنی بہن کی صراحت ایک یا دو جملوں میں کرسکتے ہیں۔ جب ہمارے باپ چل بسے تو انھوں نے میری ماں کی دیکھ بھال کی، میری ماں سب کچھ کھوچکی تھیں۔ میری بہن بھی سب کچھ کھوچکی تھیں، لیکن جس شخص نے میری ماں کی دیکھ بھال کی وہ میری بہن تھی۔
مجھے پورا یقین ہے کہ میری بہن اپنے خاندان کے لیے سب کچھ قربان کرنے تیار ہے۔ وہ وائناڈ کے عوام کو اپنا خاندان تصور کرتی ہیں۔ جلسہ عام کے بعد پرینکا کلکٹریٹ کے لیے روانہ ہوگئیں۔
جہاں سے انھوں نے سونیا گاندھی، راہول گاندھی، کانگریس صدر ملیکارجن کھرگے اور اے آئی سی سی جنرل سکریٹری وینو گوپال کی موجودگی میں پرچہئ نامزدگی داخل کیا۔ وہ ایل ڈی ایف کے ستین مکر جی اور بی جے پی کے ناویہ ہریداس کے خلاف مقابلہ کریں گی۔ وائناڈ میں 13 نومبر کو پولنگ ہوگی۔