مدرسوں میں یوگا کیمپس منعقد کرنے کا منصوبہ
بی جے پی اقلیتی مورچہ 21 جون کو عالمی یوگا ڈے کے موقع پر اترپردیش کے تمام 403 اسمبلی حلقوں کے چنندہ مدارس میں یوگا کیمپس منعقد کرے گا۔

لکھنو (آئی اے این ایس) بی جے پی اقلیتی مورچہ 21 جون کو عالمی یوگا ڈے کے موقع پر اترپردیش کے تمام 403 اسمبلی حلقوں کے چنندہ مدارس میں یوگا کیمپس منعقد کرے گا۔
یہ پہل وزیراعظم نریندر مودی کے 11 سالہ دورِ حکومت کو یادگار بنانے ایک وسیع تر مہم کا حصہ ہے۔ اترپردیش بی جے پی مائناریٹی مورچہ کے صدر باسط علی کے مطابق پارٹی مخصوص مولاناؤں اور مدارس کے طلبا تک رسائی حاصل کرے گی اور یوگا سیشن میں حصہ لینے کے لئے ان کی حوصلہ افزائی کرے گی۔
ان کیمپس کا مقصد تندرستی کو فروغ دینا اور اقلیتوں میں مودی حکومت کی پالیسیوں کو اجاگر کرنا ہے۔ وسیع تر کوششوں کے ایک حصہ کے طورپر یہ مورچہ ایک مہم بعنوان ”الپ سنکھیکوں کا یہ پیغام: مودی کے ساتھ مسلمان“ بھی شروع کررہا ہے۔
یہ مہم مسلمانوں میں بہتر مفاہمت اور تائید پیدا کرنے پر مرکوز رہے گی۔ اترپردیش کے بڑے شہروں میں یہ مہم شروع کی جائے گی۔ اصل تقریب 12 جون کو لکھنو میں منعقد ہوگی جس میں دانشوروں بشمول ڈاکٹروں‘ اساتذہ‘ انجینئروں اور وکلاء کی شرکت متو قع ہے۔