گجرات میں ایس آئی آر کے بعد ووٹروں کی تعداد میں کمی
الیکشن کمیشن کے اعداد و شمار کے مطابق، ریاست میں ایس آئی آر شروع ہونے کے وقت ووٹر لسٹ میں 5,08,43,436 ووٹرز کے نام درج تھے۔ اس عمل کی تکمیل کے بعد اب یہ تعداد 4,40,30,725 رہ گئی ہے۔
نئی دہلی: گجرات میں ووٹر لسٹوں کی خصوصی جامع نظرثانی (ایس آئی آر) کے بعد ووٹرز کی تعداد میں مجموعی طور پر 68 لاکھ 12 ہزار 711 کی کمی واقع ہوئی ہے۔
الیکشن کمیشن کے اعداد و شمار کے مطابق، ریاست میں ایس آئی آر شروع ہونے کے وقت ووٹر لسٹ میں 5,08,43,436 ووٹرز کے نام درج تھے۔ اس عمل کی تکمیل کے بعد اب یہ تعداد 4,40,30,725 رہ گئی ہے۔
اس طرح گجرات کی ووٹر لسٹ میں 13.40 فیصد کی کمی آئی ہے۔ اسی طرح مرکز کے زیرِ انتظام علاقوں لکشدیپ کی فہرست میں 0.36 فیصد اور پڈوچیری کی فہرست میں 7.57 فیصد نام کم ہوئے ہیں۔
لکشدیپ میں ایس آئی آر کے آغاز پر ووٹرز کی تعداد 57,813 تھی جو عمل مکمل ہونے پر 57,607 رہ گئی۔ پڈوچیری میں ووٹرز کی تعداد 10,21,578 سے گھٹ کر 9,44,211 رہ گئی ہے، یعنی فہرست سے 77,367 نام کم ہوئے ہیں۔
واضح رہے کہ ایس آئی آر کے اس عمل کے دوران انتقال کرجانے والے افراد، دوسرے علاقوں میں منتقل ہونے والے یا ایک سے زیادہ مقامات پر رجسٹرڈ ووٹرز کے نام نکال دیے گئے ہیں۔
دوسری جانب ان نئے شہریوں کے نام شامل کیے گئے ہیں جنہوں نے 18 سال کی عمر مکمل کر لی ہے، وہ ریاست کے مستقل رہائشی ہیں اور انہوں نے نام کے اندراج کے لیے درخواست فارم جمع کرایا تھا۔
کمیشن اس سے قبل بہار میں ایس آئی آر اور آسام میں مختصر نظرثانی (ایس آر) کا عمل مکمل کر چکا ہے۔ انڈمان و نکوبار جزائر اور چنڈی گڑھ کے ساتھ ساتھ مدھیہ پردیش، راجستھان، کیرالہ اور گوا میں ایس آئی آر کی بنیاد پر حتمی فہرست 21 فروری کو جاری کی جائے گی۔