جنوبی بھارت

تمل ناڈو اسمبلی کی تمام 234 نشستوں کے لیے ووٹنگ کا آغاز

ریاست بھر کے تمام پولنگ اسٹیشنوں پر صبح سویرے سے ہی ووٹرز اپنا حقِ رائے دہی استعمال کرنے کے لیے پہنچنا شروع ہو گئے ہیں۔ الیکشن کمیشن نے انتخابات کو پرامن اور شفاف طریقے سے مکمل کرانے کے لیے تمام ضروری انتظامات کیے ہیں۔ ریاست بھر میں کل 75,032 پولنگ اسٹیشن بنائے گئے ہیں

چنئی: تمل ناڈو اسمبلی کی تمام 234 نشستوں پر جمعرات کی صبح 7 بجے سے ووٹنگ کا عمل شروع ہو گیا ہے، جو شام 6 بجے تک جاری رہے گا۔

ریاست بھر کے تمام پولنگ اسٹیشنوں پر صبح سویرے سے ہی ووٹرز اپنا حقِ رائے دہی استعمال کرنے کے لیے پہنچنا شروع ہو گئے ہیں۔ الیکشن کمیشن نے انتخابات کو پرامن اور شفاف طریقے سے مکمل کرانے کے لیے تمام ضروری انتظامات کیے ہیں۔ ریاست بھر میں کل 75,032 پولنگ اسٹیشن بنائے گئے ہیں، جن میں سے 5,938 کو حساس قرار دیا گیا ہے اور وہاں خصوصی نگرانی کی جا رہی ہے۔

سکیورٹی کے سخت انتظامات کے تحت مرکزی نیم فوجی دستوں کی تقریباً 300 کمپنیاں مختلف علاقوں میں تعینات کی گئی ہیں۔ مجموعی طور پر ریاست کے تقریباً 1.50 لاکھ سکیورٹی اہلکار ڈیوٹی پر مامور ہیں، جن میں 1.18 لاکھ مستقل پولیس اہلکار اور 20,000 ریپڈ ایکشن فورس، ہوم گارڈز اور ریٹائرڈ پولیس اہلکار شامل ہیں۔

اس بار انتخابی میدان میں کل 4,023 امیدوار اپنی قسمت آزما رہے ہیں، جن میں 443 خواتین امیدوار شامل ہیں۔ ریاست کے 5.67 کروڑ ووٹرز میں سے 2.70 کروڑ سے زائد مرد، 2.89 کروڑ خواتین اور 7,728 تیسری جنس (ٹرانس جینڈر) سے تعلق رکھنے والے ووٹرز ہیں۔ نوجوانوں میں بھی کافی جوش و خروش ہے، جہاں 18 سے 29 سال کی عمر کے ووٹرز کی تعداد ایک کروڑ سے زائد ہے۔

ووٹنگ کے اختتام کے بعد ای وی ایم مشینوں کو سیل کر کے گنتی کے مراکز کے ‘اسٹرانگ رومز’ میں منتقل کر دیا جائے گا، جہاں سکیورٹی اہلکار چوبیس گھنٹے پہرہ دیں گے۔

متعلقہ خبریں
طاہر حسین کی درخواست عبوری ضمانت کی 28 جنوری کو سماعت
ہریانہ میں کل صبح 7 بجے سے پولنگ
ٹاملناڈو ٹرین حادثہ، مرکز پر راہول گاندھی کی تنقید
جھارکھنڈ میں انڈیا بلاک کی حکومت بنے گی: لالوپرساد یادو
عوامی تعاون سے ہی نیشنل کانفرنس پھر سُرخ رو ہوئی: فاروق عبداللہ