حیدرآباد

حسین ساگر کے دو گیٹوں سے پانی کا اخراج

گریٹر حیدر آباد میونسپل کارپوریشن (جی ایچ ایم سی) کے عہدیداروں نے نشیبی علاقوں میں مقیم لوگوں کو الرٹ کرتے ہوئے کہا کہ وہ حسین ساگر سے فاضل پانی کو نالہ میں چھوڑ رہے ہیں

حیدر آباد: گریٹر حیدر آباد میونسپل کارپوریشن (جی ایچ ایم سی) کے عہدیداروں نے نشیبی علاقوں میں مقیم لوگوں کو الرٹ کرتے ہوئے کہا کہ وہ حسین ساگر سے فاضل پانی کو نالہ میں چھوڑ رہے ہیں،

متعلقہ خبریں
جی ایچ ایم سی حدود سے 3.41 لاکھ ووٹرس کو حذف کردیا گیا
جی ایچ ایم سی نے جائیداد ٹیکس وصول میں ایک نیا ریکارڈ قائم کیا
جئے پال ریڈی، گاندھی ازم کا نشان، ریونت ریڈی کا خراج
انڈونیشیا میں سیلاب کی تباہ کاریاں، ہلاکتوں کی تعداد 41 ہو گئی
گنیش جلوس کے دوران پولیس عہدیداروں کا رقص کرنے کا ویڈیو وائرل

اتوار کی شب کی شدید بارش کے نتیجہ میں بھاری مقدار میں پانی کا بہاؤ حسین ساگر میں داخل ہوگیا جس کے سبب شہر کے قلب میں واقع اس تاریخی جھیل کی سطح آب آج فل ٹینک لیول (ایف ٹی ایل) 514 میٹر کو چھونے لگی ہے۔

جی ایچ ایم سی کے عہدیداروں نے دونوں گیٹوں کو کھولتے ہوئے ڈسچارج چیانلس کے ذریعہ پانی کو نشیبی علاقوں میں چھوڑا ہے۔ ڈسچارج چیانلس کے ذریعہ پانی چھوڑنے کے ساتھ عہدیداروں نے نشیبی علاقوں میں مقیم افراد کو الرٹ کردیا۔ کل کی موسلادھار بارش اور مختلف نالوں کے ساتھ پانی کا بھاری بہاؤ حسین ساگر میں داخل ہوا۔

کوکٹ پلی، بنجارہ اور بالکا پور نالوں کے ذریعہ پانی جھیل میں داخل ہونے سے حسین ساگر کی سطح آب میں غیر معمولی اضافہ درج کیا گیا۔

جی ایچ ایم سی میئر گدوال وجئے لکشمی، جی ایچ ایم سی کمشنر امرپالی کٹا اور ڈائرکٹر انفورسمنٹ، ویجلنس، ڈیزاسٹر مینجمنٹ جی ایچ ایم سی اے وی رنگاناتھ نے حسین ساگر میں پانی کی سطح میں اضافہ اور پانی کے اخراج کی صورتحال کی مانیٹرنگ کررہے تھے۔

دریں اثناء پرنسپل سکریٹری بلدی نظم و نسق و شہری ترقیات دانا کشور نے رنگاناتھ سے ٹیلی کانفرنس سے خطاب کیا اور انہیں مزید بارش کی پیش قیاسی پر چوکس رہنے کا مشورہ دیا۔ پرنسپل سکریٹری نے عہدیداروں پر زور دیا کہ وہ اس بات کو یقینی بنائیں کہ عوام کو کسی مشکلات کا سامنا نہ کرنا پڑے۔

انہوں نے مختلف محکموں کو ٹرافک پولیس کے ساتھ تال میل برقرار رکھنے کی ہدایت دی تاکہ شہر میں ٹرافک کا بہاؤ سہل انداز میں جاری رہے۔ شہر میں کل رات کی بارش کی وجہ سے عام زندگی متاثر رہی۔

کئی مقامات پر پانی جمع ہونے سے ٹرافک میں خلل پڑا۔ یوسف گوڑہ کے کرشنا نگر میں ایک کار اور چند ٹووہیلرس گاڑیاں پانی میں بہہ گئیں۔ رام نگر مشیر آباد میں مقامی نوجوانوں نے شجاعت کا مظاہرہ کرتے ہوئے کار میں سوار چار افراد کی جانیں بچائیں۔ یہ کار سیلاب میں تقریباً ڈوب چکی تھی۔

a3w
a3w