جنوبی بھارت

”کوئی کچھ بھی کہے میں اپنا کام کرتا رہوں گا“: ششی تھرور

ششی تھرور 2026ء کے اسمبلی انتخابات میں کانگریس کے چیف منسٹری کے امیدوار بننے کے خواہاں ہیں۔ چینی تھلا نے یہ بھی کہا کہ کسی کو بھی اس عہدہ پر دعویٰ نہیں کرنا چاہیے جس پر وہ آئندہ 4 سال میں فائز ہوسکتے ہیں۔

کنور (کیرالا): سینئر کانگریس قائد ششی تھرور نے ہفتہ کے روز کہا کہ کوئی کچھ بھی کہے وہ اپنا کام جاری رکھیں گے اور لوگوں سے ملاقات کرتے رہیں گے، جیسا انہوں نے گزشتہ 14 سال سے کیا ہے۔

ترواننتا پورم کے رکن پارلیمنٹ نے کہا کہ وہ ریاست بھر میں پروگراموں میں شرکت کررہے ہیں، کیوں کہ انھیں مختلف گوشوں سے بے شمار دعوت نامے موصول ہوتے ہیں اور اس میں کوئی خاص بات نہیں، کیوں کہ دیگر سیاسی قائدین بھی یہی کررہے ہیں۔

 چند پارٹی قائدین نے ان کے ریاستی سیاست میں منتقل ہونے پر کل درپردہ تنقید کی تھی، جس کے ایک دن بعد ششی تھرور نے یہ تبصرہ کیا ہے۔ بعض کانگریس قائدین کے حالیہ بیانات جن میں ان کا نام نہیں لیا گیا تھا، سے متعلق سوال پر ششی تھرور نے نامہ نگاروں کو بتایا کہ کوئی چاہے کچھ بھی کہے میں اپنا کام کرتا رہوں گا۔

کوئی کچھ بھی کہتا رہے، مجھے اس سے کوئی مسئلہ نہیں ہے۔ یہ بتاتے ہوئے کہ وہ اب بھی وہی کررہے ہیں جو گزشتہ 14 سال سے کرتے آئے تھے، سیاسی قائد نے کہا کہ جب بھی انھیں عوام کی طرف سے کوئی دعوت نامہ موصول ہوتا ہے وہ پروگرام کا انتخاب کرتے ہیں اور اپنی سہولت سے اس میں شرکت کرتے ہیں۔

ششی تھرور کے خلاف درپردہ تنقید کرنے والوں میں سینئر قائد رمیش چینی تھلا بھی شامل ہیں، جنہوں نے ترواننتا پورم میں پارٹی کے ایک پروگرام میں حصہ لیتے ہوئے کہا تھا کہ اگر کسی نے چیف منسٹر کے عہدہ کے لیے کوئی کوٹ سلوایا تھا تو اسے چاہیے کہ وہ اسے پیچھے چھوڑنے کے لیے تیار رہے اور آنے والے پارلیمانی انتخابات میں (جو آئندہ سال مقرر ہے) پارٹی کی کامیابی کے لیے کام کرنے تیار رہے۔

 واضح رہے کہ ششی تھرور 2026ء کے اسمبلی انتخابات میں کانگریس کے چیف منسٹری کے امیدوار بننے کے خواہاں ہیں۔ چینی تھلا نے یہ بھی کہا کہ کسی کو بھی اس عہدہ پر دعویٰ نہیں کرنا چاہیے جس پر وہ آئندہ 4 سال میں فائز ہوسکتے ہیں۔

 عوام میں اپنے سیاسی عزائم کا اظہار کرنے پر پارٹی قائدین سے ناراضگی ظاہر کرتے ہوئے اے آئی سی سی کے جنرل سکریٹری کے سی وینو گوپال نے کہا تھا کہ ہر چیز پر پارٹی فورموں کے اندر بحث ہونی چاہیے اور قائدین سے کہا کہ وہ میڈیا کو ایسے معاملات پر بحث کرنے کا کوئی موقع نہ دیں۔

کے پی سی سی صدر کے سدھاکرن نے یہ بھی کہا کہ کسی کے لیے بھی یہ مناسب نہیں کہ وہ آئندہ اسمبلی انتخابات کے لیے خود اپنا عہدہ یا انتخابی حلقہ کا انتخاب کرے۔

 جب نامہ نگاروں نے ششی تھرور کو یہ بتایا کہ چینی تھلا ”چیف منسٹر کے کوٹ“ کے ریمارک کے ذریعہ انھیں نشانہئ تنقید بنا رہے ہیں تو ششی تھرور نے کہاکہ انھوں نے اس اعلیٰ عہدہ کے لیے کوئی کوٹ نہیں سلوایا ہے۔

a3w
a3w