سوشیل میڈیا

کیرالہ: آٹو ڈرائیور نے 25 کروڑ کی اونم بمپر لاٹری جیت لی

اس سے بھی زیادہ دلچسپ بات یہ ہے کہ اس نے 3 لاکھ روپے کے قرض کے لئے بینک میں درخواست دی تھی جو ہفتہ کو منظور ہوئی تھی جس کے ایک دن بعد وہ 25 کروڑ روپے کی لاٹری جیت گیا۔

ترواننتاپورم: ایک آٹو رکشہ ڈرائیور نے، جو شیف کے طور پر کام کرنے کے لئے ملائیشیا جانے کا منصوبہ بنا رہا تھا، اتوار کو کیرالہ میں 25 کروڑ روپے کی اونم بمپر لاٹری جیت لی۔ اس سے بھی زیادہ دلچسپ بات یہ ہے کہ اس نے 3 لاکھ روپے کے قرض کے لئے بینک میں درخواست دی تھی جو ہفتہ کو منظور ہوئی تھی جس کے ایک دن بعد وہ 25 کروڑ روپے کی لاٹری جیت گیا۔

انوپ، جو یہاں کے سری واراہم کا رہنے والا ہے، نے لاٹری کا ٹکٹ بھی ایک دن قبل یعنی ہفتہ کو ہی خریدا تھا جس کا نمبر TJ 750605  بتایا جاتا ہے۔

انوپ نے میڈیا کو بتایا کہ یہ ٹکٹ اس کا پہلا انتخاب نہیں تھا، جب ایک نمبر اسے پسند نہیں آیا تو اس نے دوسرے نمبر والا ٹکٹ خریدا جو اس کے لئے بے حد خوش قسمت ثابت ہوا۔

قرض اور ملائیشیا کے سفر کے بارے میں انوپ نے کہا کہ بینک نے آج قرض کے حوالے سے فون کیا تھا اور میں نے ان سے کہہ دیا ہے کہ اسے اب قرض کی ضرورت نہیں ہے۔ میں اب ملائیشیا نہیں جاؤں گا۔ انوپ نے کہا کہ وہ پچھلے 22 سالوں سے لاٹری ٹکٹ خرید رہا ہے اور ماضی میں چند سو روپے سے لے کر زیادہ سے زیادہ پانچ ہزار روپے تک کی رقمیں جیت چکا ہے۔

انوپ کا مزید کہنا ہے کہ اس مرتبہ بھی وہ جیتنے کی امید نہیں کر رہا تھا اور اس لئے ٹی وی پر لاٹری کے نتائج بھی نہیں دیکھ رہا تھا۔ تاہم، جب اس نے اپنا فون چیک کیا تو دیکھا کہ وہ بمپر ڈرا جیت چکا ہیں۔ تاہم اسے یقین نہیں آیا۔ اس نے اسے اپنی بیوی کو دکھایا جس پر بیوی نے بھی بتایا کہ ہم لاٹری جیت چکے ہیں۔

انوپ نے کہا کہ اس کے باوجود وہ پریشان تھا، اس لیے اس نے ایک خاتون کو فون کیا جو ٹکٹ فروخت کرنے والی ایجنسی میں کام کرتی ہے۔ میں نے انہیں لاٹری ٹکٹ کی تصویر بھیجی جس پرانہوں نے  تصدیق کی کہ وہ لاٹری جیت چکے ہیں۔

بتایا گیا ہے کہ ٹیکس کی کٹوتی کے بعد، انوپ کو شاید 15 کروڑ روپے حاصل ہوں گے۔

یہ پوچھے جانے پر کہ وہ اس رقم سے کیا کرنے کا ارادہ رکھتا ہے، تو انوپ نے کہا کہ اس کی پہلی ترجیح اپنے خاندان کے لیے ایک گھر بنانا ہے اور اس پر واجب الادا قرضوں کی ادائیگی ہے۔

اس کے علاوہ، انوپ نے کہا کہ وہ اپنے رشتہ داروں کی مدد کریں گے، کچھ خیراتی کام کریں گے اور کیرالہ میں ہوٹل کے میدان میں کچھ شروع کریں گے۔

انوپ کا یہ بھی کہنا ہے کہ وہ مستقبل میں بھی لاٹری ٹکٹ خریدتے رہیں گے۔

بتایا گیا ہے کہ اتفاق سے، پچھلے سال کی 12 کروڑ کی اونم بمپر لاٹری بھی ایک آٹو رکشہ ڈرائیور نے جیتی تھی۔ کوچی کے قریب مراڈو کے ایک آٹو رکشہ ڈرائیور جے پالن پی آر نے پچھلے سال یہ لاٹری جیتی تھی۔

جیتنے والے نمبر کا انتخاب ریاست کے وزیر فینانس کے این بالاگوپال نے یہاں گورکی بھون میں منعقدہ لکی ڈرا تقریب میں کیا۔