بین الاقوامی

تیسری عالمی جنگ کی شروعات اسی سال ہوگی، برطانیہ کے ’’نئے نوسترا دامس‘‘ کا انتباہ

تاہم تیسری عالمی جنگ یوکرین تنازعہ سے غیر متعلق ہوگی جو فروری 2022 میں روس کے پڑوسی ملک پر حملے کے بعد سے شروع ہوا تھا۔ کریگ ہیملٹن کے مطابق تیسری عالمی جنگ کی وجہ کچھ اور ہوگی۔

لندن: برطانیہ کے ’’نئے نوسترا دامس‘‘ کریگ ہیملٹن-پارکر کی پیش قیاسی پر یقین کریں تو 2023 میں تیسری عالمی جنگ شروع ہوجائے گی کیونکہ کریگ ہیملٹن کی قبل ازیں کی گئی کئی پیشین گوئیاں سچ ثابت ہوچکی ہیں۔

کریگ ہیملٹن، 16ویں صدی کے فرانسیسی نجومی نوسترا دامس کے حوالے سے ’’نئے نوسترا دامس‘‘ کے طور پر سرخیوں میں ہیں۔ وہ پہلے بھی کئی واقعات کی کامیاب پیشین گوئی کرچکے ہیں۔ اب وہ 2023 میں تیسری عالمی جنگ چھڑنے کی بات کررہے ہیں۔

تاہم تیسری عالمی جنگ یوکرین تنازعہ سے غیر متعلق ہوگی جو فروری 2022 میں روس کے پڑوسی ملک پر حملے کے بعد سے شروع ہوا تھا۔ کریگ ہیملٹن کے مطابق تیسری عالمی جنگ کی وجہ کچھ اور ہوگی۔

ان کا کہنا ہے کہ تائیوان میں ایک غیر ارادتاً حرکت یا تنازعہ پوری دنیا کے لئے تباہ کن نتائج سامنے لائے گا کیونکہ اس حرکت کے نتیجہ میں تیسری عالمی جنگ شروع ہوجائے گی۔

واضح رہے کہ امریکہ اس وقت تائیوان کا اتحادی ہے جب کہ چین اس پر اپنا دعویٰ پیش کرتا رہتا ہے۔ اس مسئلہ پر چین اور امریکہ کے درمیان تعلقات انتہائی کشیدہ ہیں۔

ہیملٹن-پارکر کے مطابق یا تو سمندر میں دو آبدوزوں یا فضا میں دو ہوائی جہازوں کا تصادم موجودہ کشیدہ صورتحال کو مزید بھڑکا دے گا جو تیسری عالمی جنگ کی آگ کو چنگاری دکھانے کا کام کرے گا۔

ہیملٹن پارکر کا یہ بھی کہنا ہے کہ چین اور روس پہلے ہی امریکہ کے ساتھ تناؤ کا تجربہ کر چکے ہیں اور اب وہ مزید آگے بڑھیں گے جو یقیناً تیسری عالمی جنگ کی صورت میں ظاہر ہوگا۔ نئے نوسترا دامس کے مطابق دنیا میں اگلے دو سالوں کے دوران انتہائی سنگین واقعات پیش آتے رہیں گے۔

کریگ ہیملٹن-پارکر نے مزید بتایا کہ وہ کچھ عرصے سے مسلسل یہ کہہ رہے ہیں کہ تائیوان پر تنازعہ ہونے والا ہے اور وہ یہ بھی سوچتے ہیں کہ یہ تنازعہ اسی سال ہو گا۔

‘نئے نوسترادامس’ کی پیشین گوئیاں کتنی معتبر ہیں؟

کریک ہیملٹن سابق ایڈورٹائزنگ ایگزیکٹیو ہیں۔ وہ پہلے ہی کچھ واقعات کی پیشین گوئی کرچکے ہیں جو صحیح ثابت ہوچکی ہیں۔  اس سے پتہ چلتا ہے کہ ان کے دعوے یا پیشین گوئیاں کتنے معتبر ہیں۔  

ہیملٹن پارکر نے ماضی میں جن دو واقعات کی درست پیشین گوئی کی ہے، ان میں سے دو واقعات انگریزی شاہی خاندان سے متعلق ہیں۔

انہوں نے 2022 میں ملکہ الزبتھ دوم کی موت کی پیشین گوئی کی تھی جو سچ ثابت ہوئی۔ اسی طرح انہیں پہلے سے یہ بات معلوم تھی کہ کوئی بادشاہ چارلس پر انڈے پھینکنے والا ہے۔ یہ واقعہ نومبر 2022 میں پیش آیا تھا۔

ہیملٹن پارکر کو یہ بھی معلوم تھا کہ ڈونالڈ ٹرمپ 2016 میں امریکی صدارتی انتخاب جیت جائیں گے۔ ان کی یہ پیش گوئی بھی سچ ثابت ہوئی۔

اب ہیملٹن پارکر نے پیشین گوئی کی ہے کہ اس سال تیسری عالمی جنگ چھڑ جائے گی۔ آئیے امید کرتے ہیں کہ نئے نوسترا دامس کی یہ پیشین گوئی غلط ثابت ہو۔

وہ 2023 میں تیسری عالمی جنگ چھڑنے کے بارے میں پیشین گوئی کرنے والا پہلا شخص نہیں ہے۔ اصلی نوسترا دامس نے بھی یہ پیش قیاسی کی تھی کہ 2020 کی دہائی میں دنیا میں ایک بہت بڑا واقعہ رونما ہونے والا ہے۔