حیدرآباد

وائی ایس آر، راہول کو وزیر اعظم کے طور پر دیکھنا چاہتے تھے : ریونت ریڈی

ریونت ریڈی نے پیر کے روز متحدہ ریاست آندھرا پردیش کے سابق چیف منسٹر وائی ایس راج شیکھر ریڈی کو ان کی 75 ویں یوم پیدائش پر بھرپور خراج پیش کیا اور یاد دلایا کہ آنجہانی قائد‘ راہول گاندھی کو ملک کے وزیر اعظم کے عہدہ پر دیکھنا چاہتے تھے۔

حیدر آباد: تلنگانہ کے چیف منسٹر اے ریونت ریڈی نے پیر کے روز متحدہ ریاست آندھرا پردیش کے سابق چیف منسٹر وائی ایس راج شیکھر ریڈی کو ان کی 75 ویں یوم پیدائش پر بھرپور خراج پیش کیا اور یاد دلایا کہ آنجہانی قائد‘ راہول گاندھی کو ملک کے وزیر اعظم کے عہدہ پر دیکھنا چاہتے تھے۔

راہول گاندھی کو وزیر اعظم بنانے کا عہد کرتے ہوئے ریونت ریڈی نے کہا کہ جو کوئی بھی راہول گاندھی کو وزیر اعظم بنانے کا عہد کرچکے ہیں انہیں وہ‘ اپنے اس مقصد میں کامیابی کے لئے سخت محنت کریں یہی راج شیکھر ریڈی کو حقیقی خراج پیش کرنے کے برابر ہے اور جو اس کے برعکس کام کریں گے وہ مخالف وائی ایس آر لیڈر کہلائے جائیں گے۔

چیف منسٹر یہاں گاندھی بھون میں راج شیکھر ریڈی کی یوم پیدائش تقاریب سے خطاب کررہے تھے۔ قبل ازیں چیف منسٹر ریونت ریڈی، ڈپٹی چیف منسٹر ملو بھٹی وکرامارکہ اور دیگر قائدین نے پنجہ گٹہ پہونچکر راج شیکھر ریڈی کے مجسمہ پر پھول چڑھائے۔ چیف منسٹر نے پرجابھون میں راج شیکھر ریڈی کی زندگی پرمبنی تصویری نمائش کا بھی مشاہدہ کیا۔

اس موقع پر اے آئی سی سی انچارج دیپاداس منشی اور دیگر قائدین بھی موجود تھے۔ راج شیکھر ریڈی، 2004 سے 2009ء کے درمیان متحدہ اے پی کے چیف منسٹر تھے۔ وہ سال 2009ء میں ہیلی کاپٹر حادثہ میں ہلاک ہوگئے۔

نمائندہ منصف کے مطابق چیف منسٹر نے بعد ازاں اسمبلی میں واقع دفتر سی ایل سی میں راج شیکھر ریڈی کے پورٹریٹ پر پھول چڑھائے اور آنجہانی چیف منسٹر کی یادوں کو تازہ کیا۔ بعد ازاں چیف منسٹر نے گاندھی بھون پہنچ کر راج شیکھر ریڈی جینتی تقریب میں شرکت کی۔

اس موقع پر گاندھی بھون میں خون کے عطیہ کا کیمپ منعقد کیا گیا۔ ڈپٹی چیف منسٹر بھٹی وکرامارکہ، دیپاداس منشی و دیگر قائدین نے اس تقریب میں شرکت کی۔ اس موقع پر چیف منسٹر نے اپنے خطاب میں کہا کہ وائی ایس راج شیکھر ریڈی کو ملک بھر میں عوام کی فلاح و بہبود کے لئے نمایاں خدمات انجام دینے کے لئے یاد کیا جاتا ہے۔

راج شیکھر ریڈی نے حیدر آباد کی ترقی بالخصوص میٹرو ریل، انٹرنیشنل ایرپورٹ، آؤٹررنگ روڈ، پی وی آر ایکسپریس وئے، فلائی اوورس کی تعمیر کرتے ہوئے تاریخ ساز کارنامہ انجام دیا۔ غریب عوام کے لئے راجیو آروگیہ شری، غریب طلباء کے لئے اسکالرشپ و فیس ریمبرسمنٹ کی اسکیمات کو کبھی فراموش نہیں کیا جاسکتا۔

راج شیکھر ریڈی نے چیوڑلہ تا اچھاپورم وشاکھاپٹنم پدیاترا کرتے ہوئے ایک تاریخ رقم کی۔ وہ نئی نسل کے کارکنوں کے لئے ایک آئیڈئل قائد تھے۔ چنانچہ آج راج شیکھر ریڈی کے نقش قدم پر چلتے ہوئے انہوں نے (چیف منسٹر) کانگریس کے 35 نوجوان قائدین کو مختلف کارپوریشنوں کا چیرمین اور صدورنشین نامزد کیا ہے۔

ڈپٹی چیف منسٹر نے اپنی تقریر میں کہا کہ وائی ایس آر نے بہت کم عرصہ میں نمایاں خدمات انجام دیتے ہوئے عوام کے دلوں میں جگہ بنالی تھی۔ ہم وائی ایس آر کے نقش قدم پر چلتے ہوئے ریاست کے غریب عوام کی خدمت اور ان کی فلاح و بہبود کے لئے کوئی کسر اُٹھانہ رکھیں گے۔

ان تقاریب میں ریاستی وزراء، سریدھر بابو، پی سرینواس ریڈی، انجن کمار یادو سابق ایم پی، انیل کمار یادو ایم پی، ومنشی چندر ریڈی، مدھو یاشکی گوڑہ روہن ریڈی اور دیگر قائدین نے شرکت کی۔

a3w
a3w