شمال مشرق

آسام میں راہول گاندھی کی پدیاترا روکی گئی

موریگاؤں کے ضلع کمشنرنے کانگریس قائد راہول گاندھی سے کہا ہے کہ وہ بھارت جوڑو نیائے یاترا کے تحت نکڑ میٹنگ اور پدیاترا نہ کریں کیونکہ شرپسند عناصر ضلع میں امن درہم برہم کرنے کی کوشش کرسکتے ہیں۔

موریگاؤں (آسام): موریگاؤں کے ضلع کمشنرنے کانگریس قائد راہول گاندھی سے کہا ہے کہ وہ بھارت جوڑو نیائے یاترا کے تحت نکڑ میٹنگ اور پدیاترا نہ کریں کیونکہ شرپسند عناصر ضلع میں امن درہم برہم کرنے کی کوشش کرسکتے ہیں۔

متعلقہ خبریں
آسام کے اسمبلی حلقہ سماگوڑی میں بی جے پی اور کانگریس ورکرس میں ٹکراؤ
الیکٹورل بانڈس اسکیم، جبری وصولی ریاکٹ: راہول گاندھی (ویڈیو)
گوالیار کی شاہی ریاست نے انگریزوں کی حمایت کی تھی:پون کھیڑا
ٹاملناڈو ٹرین حادثہ، مرکز پر راہول گاندھی کی تنقید
اتم کمار ریڈی سے راہول گاندھی کا اظہار تعزیت

انٹلیجنس جانکاری کی بنیاد پر ضلع انتظامیہ کو اندیشہ ہے کہ ایک ہی دن 2 بڑے ایونٹس ایودھیا میں رام مندر کا افتتاح اور بھارت جوڑو نیائے یاترا کا فائدہ اٹھاتے ہوئے غیرسماجی عناصر امن درہم برہم کرسکتے ہیں۔ ضلع کمشنر دیواشیش شرما نے ضلع کانگریس عہدیداروں کے نام مکتوب میں کہا کہ زیڈ پلس اڈوانسڈ سیکوریٹی لائزننگ (اے ایس ایل) کے تحت راہول گاندھی کو سیکوریٹی حاصل ہے۔

ان کی سلامتی اور تحفظ کے مفاد میں ہماری ذمہ داری بنتی ہے کہ نظم وضبط درہم برہم ہونے نہ دیں۔ کانگریس سے ہماری درخواست ہے کہ موریگاؤں ٹاؤن کے سریمنت شنکر دیو چوک میں پدیاترا اور بیہوٹولی پولیس پوائنٹ میں مجوزہ نکڑ میٹنگ نہ کی جائے۔

موریگاؤں ضلع میں راہول گاندھی کی گاڑی یا قافلہ کو لنچ اور آرام کے لئے گول سیپا پوائنٹ پہنچنے تک درمیان میں کہیں بھی نہ روکا جائے۔ اسی دوران ریاستی ڈائرکٹر جنرل پولیس جی پی سنگھ نے ایکس پر پوسٹ میں کہا کہ درمیان میں کہیں بھی نہ رکا جائے۔

مقامی نظم ونسق اور پولیس کو پیشگی اطلاع دیئے بغیر راہول گاندھی گاڑی چھوڑکر نہ جائیں۔ قبل ازیں راہول گاندھی کو ویشنو سنت سریمنت شنکردیو کی جنم بھومی جانے نہیں دیا گیا۔ ناگاؤں میں کانگریس قائد راہول گاندھی نے کہا کہ نظم وضبط کے بحران کے دوران ہر کوئی شنکردیو کی جنم بھومی جاسکتا ہے‘ صرف راہول گاندھی نہیں جاسکتا۔

انہوں نے میڈیا سے کہا کہ شنکردیو کی طرح ہم بھی لوگوں کو ایک دوسرے کے قریب لانے اور نفرت نہ پھیلانے کے قائل ہیں۔ عجیب بات ہے کہ گورو گوگوئی اور سبھی جاسکتے ہیں‘ راہول گاندھی نہیں جاسکتا۔ گورو گوگوئی نے شنکردیو کی جنم بھومی کے اندر جاکر آنے کے بعد کہا کہ وہاں کوئی بھیڑ نہیں‘ اندر کی جگہ خالی پڑی ہے۔

یہ جھوٹ اور افواہ پھیلائی گئی کہ راہول گاندھی وہاں گئے تو نظم وضبط کا مسئلہ پیدا ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ ہم نے راہول گاندھی کی طرف سے پوجا کی اور اندر موجود سبھی پجاریوں نے راہول گاندھی کو آشیرواد دیا۔ گورو گوگوئی نے کہا کہ ہم جب باہر آرہے تھے توایک عورت نے ہمارے قریب آکر راہول گاندھی کے لئے ایک گموسہ (اسکارف) دیا جو ہم راہول گاندھی کو دے دیں گے۔ پجاریوں نے کہا کہ پوجا مکمل ہونے کے بعد وہ پرساد بھیجیں گے۔