آندھراپردیش

آندھرا میں رائے دہندوں کی تعداد میں 7.51لاکھ کی کمی

ریاست آندھرا پردیش میں 3.99کروڑ رائے دہندوں کے منجملہ7,51,411 ووٹرس کی تعداد جہاں کم ہوئی ہے وہیں پہلی بار رائے دہندے بننے والوں کی تعداد میں 3.03 لاکھ کا اضافہ ہوا ہے۔

امراوتی: ریاست آندھرا پردیش میں 3.99کروڑ رائے دہندوں کے منجملہ7,51,411 ووٹرس کی تعداد جہاں کم ہوئی ہے وہیں پہلی بار رائے دہندے بننے والوں کی تعداد میں 3.03 لاکھ کا اضافہ ہوا ہے۔

متعلقہ خبریں
انڈسٹری سے زہریلی گیس کا اخراج، 107ورکرس علیل
حیدر آباد کے 5 لاکھ 41 ہزار بوگس ووٹ فہرست سے حذف
شرمیلا کی سیکوریٹی میں اضافہ کی درخواست
پارٹی کو جانشینوں کے حوالے کرنے کی ذمہ داری لیں۔ کیڈر کو چیف منسٹر نائیڈو کا مشورہ
وائی ایس آرسی پی کے سابق ایم پی کے مکان پر ای ڈی کا دھاوا

اسٹیٹ چیف الیکٹورل آفیسر مکیش کمار مینا نے جمعرات کے روز سال2023 میں ووٹر لسٹ پر نظر ثانی مہم کے بعد قطعی ووٹرلسٹ کی طباعت کراتے ہوئے کہا کہ ریاست میں جملہ رائے دہندوں کی تعداد 3کروڑ 99لاکھ84ہزار اور 868 ہوگئی ہے۔

نظر ثانی کی خصوصی مہم کے تحت5 جنوری2022 تک ریاست اے پی میں جملہ رائے دہندوں کی تعداد4 کروڑ 7لاکھ 36 ہزار279 تھی تاہم جمعرات کے روز قطعی فہرست رائے دہندگان کی اجرائی کے تحت آندھرا پردیش میں خاتون رائے دہندوں کی تعداد بڑھ کر 2کروڑ 2 لاکھ 21ہزار 445 ہوگئی جبکہ مرد ووٹرس کی تعداد ایک کروڑ97 لاکھ 59 ہزار489 درج کی گئی ہے اسی طرح مخنث ووٹرس کی تعداد3924 بتائی گئی ہے۔

18 سے19 سال کے نوجوان جنہیں پہلی بار رائے دہندہ بننے کا اعزاز حاصل ہورہا ہے، کی تعداد میں اچانک اضافہ ہوا ہے اب ان نوجوانوں کی تعداد 3لاکھ3ہزار 225 بتائی گئی ہے جبکہ گذشتہ سال ووٹرلسٹ کے قطعی مسودہ کے تحت ان نوجوانوں کی تعداد صرف78,438 تھی۔ انہوں نے کہا کہ ہم نے 18سے19 سال عمر کے نوجوانوں کے ناموں کو ووٹرلسٹ میں درج کرانے کیلئے خصوصی اقدامات کئے تھے۔

تعلیمی اداروں میں خصوصی شعور بیداری کیمپ منعقد کئے گئے اور ان اداروں میں اسسٹنٹ الیکٹورل آفیسر کا تقرر کیا گیا تھا جس کے نتیجہ میں پہلی بار ووٹر بننے والے نوجوانوں کی تعداد میں اضافہ ہوا ہے۔ انہوں نے مزید بتایا کہ ریاست میں سرویس رائے دہندوں کی تعداد68,162 ہوگئی جبکہ اوور سیز ووٹرس کی تعداد6891 بتائی گئی ہے۔

انہوں نے بتایا کہ سال2022 میں جنوری اور نومبر کے درمیان 4لاکھ 66 ہزار 973رائے دہندوں کے ناموں کو قطعی ووٹرلسٹ سے حذف کردیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ سب سے زیادہ ووٹرس کی تعداد کے لحاظ سے کرنول ضلع سرفہرست ہے جہاں رائے دہندوں کی تعداد 19 لاکھ42ہزار233 بتائی گئی ہے جبکہ قبائلی ضلع سیتا راما راجو سب سے آخری مقام پر رہے جہاں جملہ رائے دہندوں کی تعداد7لاکھ 29 ہزار85ہے۔