تلنگانہ

بنڈی سنجے کی ضمانت منسوخی کی عرضی خارج

ریاست تلنگانہ کی ایک عدالت نے جمعرات کے روز ایس ایس سی پیپرلیک معاملہ میں صدرتلنگانہ بی جے پی بنڈی سنجے کمار کی ضمانت منسوخ کرنے سے متعلق پولیس کی عرضی کوخارج کردیا۔

حیدرآباد: ریاست تلنگانہ کی ایک عدالت نے جمعرات کے روز ایس ایس سی پیپرلیک معاملہ میں صدرتلنگانہ بی جے پی بنڈی سنجے کمار کی ضمانت منسوخ کرنے سے متعلق پولیس کی عرضی کوخارج کردیا۔

ہنمکنڈہ کی ضلعی عدالت نے پولیس کی عرضی کومستردکردیاجس میں بنڈی سنجے ایم پی کی ضمانت کومنسوخ کی جائے کیونکہ بی جے پی قائد ضمانت کی شرائط کی خلاف ورزی کررہے ہیں۔

گزشتہ دو دنوں سے فریقین کے دلائل کی سماعت کے بعد عدالت نے کہاکہ کریم نگر کے ایم پی بنڈی سنجے کمار کی ضمانت منسوخ کرنے کی کوئی وجہ نہیں ہے اس لئے پولیس کی عرضی خارج کی جاتی ہے۔

ضلع ورنگل پولیس کو آج اس وقت شدیدجھٹکہ لگاجبکہ ہنمکنڈہ کی عدالت نے ریاستی بی جے پی صدر بنڈی سنجے کی ضمانت منسوخی کیلئے داخل کردہ عرضی کو مسترد کر دیا۔ ہنمکنڈہ کے IV ایڈیشنل فرسٹ کلاس مجسٹریٹ نے پولیس کی طرف سے دائر عرضی جس میں بنڈی سنجے کی ضمانت منسوخی کی درخواست کی گی تھی کو خارج کر دیا۔

عدالت نے فریقین کے دلائل کو تفصیل سے سنا اور حکم جاری کیا۔ اپنی درخواست میں، پولیس نے عدالت سے درخواست کی کہ بنڈی سنجے کی ضمانت کو یہ کہہ کر منسوخ کر دیا جائے کہ وہ کیس کی تفتیش میں تعاون نہیں کر رہے ہیں۔

دوسری طرف سنجے کے وکیل نے پولیس کے دلائل کو مسترد کر دیا اورکہاکہ پولیس کی دلیل قابل سماعت نہیں ہے اس لئے اس عرضی کو خارج کر دیا جانا چاہیے۔عدالت نے 6 اپریل کو مشروط ضمانت پر بی جے پی قائد کو رہاکرنے کاحکم دیاتھا۔ ایک ہائی ڈرامہ کے درمیان 4اپریل کو کریم نگر سے بنڈی سنجے کوگرفتارکیاگیاتھا۔