حیدرآباد

تلنگانہ پردیش کانگریس کے ڈھانچہ میں تبدیلیوں کا امکان

کومٹ ریڈی راجگوپال ریڈی اور سنیل کنا گولو کے کانگریس سے علیحدگی اختیار کرنے کے فیصلہ سے قبل ایک سینئر کانگریس قائد نے مانیکم ٹیگور اور سنیل کناگولو کے خلاف ہائی کمانڈ کو منفی رپورٹ حوالہ کرنے کے خلاف شکایت کی تھی۔

حیدرآباد: کانگریس پارٹی سے کومٹ ریڈی راجگوپال ریڈی اور ڈی شراون کے مستعفی ہوجانے کے بعد پارٹی میں بے شمار تبدیلیاں رونماء ہونے کا امکان ہے۔ اطلاعات کے مطابق پارٹی ہائی کمانڈ تلنگانہ میں کسی بھی قائد کے استعفیٰ کو قبول کرنا نہیں چاہتی ہے تاکہ پارٹی کو مزید کمزور اور غیر مستحکم ہونے سے روکا جاسکے۔

اس لئے پارٹی کے ڈھانچہ میں مناسب تبدیلی لانے کا فیصلہ کیا ہے۔ اسی سلسلہ کے تحت پرینکا گاندھی کو جنوبی ہند کا انچارج اور تلنگانہ اور کرناٹک کے لئے مستقل طور پر انچارج مقرر کئے جانے کی توقع ہے باوثوق ذرائع سے ملی اطلاع کے مطابق بہت جلد تلنگانہ کانگریس کے انچارج مانیکم ٹیگور کو تبدیل کرتے ہوئے ان کی جگہ پرینکا گاندھی کا تقرر کیا جائے گا۔

 اس کے علاوہ سیاسی حکمت عملی ساز سنیل کناگولو کی خدمات سے استفادہ کرنے یانہ کرنے کے متعلق بھی فیصلہ لیا جائے گا بتایا جارہا ہے کہ ڈاکٹر ڈی شراون کے کانگریس سے استعفیٰ کے بعد دئیے گئے بیان کا کل ہند کانگریس کی جانب سے باریک بینی سے جائزہ لیا گیا۔

 ان کے بیان کا‘ کہ مانیکم ٹیگور اورسنیل کناگولو بالواسطہ طور پر ریونت ریڈی کی ہاں میں ہاں ملا رہے ہیں، کو کافی سنجیدگی سے لیا گیا۔ ڈاکٹر شراون نے کہا تھا کہ انہوں نے ریونت ریڈی اور مانیکم ٹیگور کے ذات پات پر مبنی بیان سے راہول گاندھی کو بھی واقف کرایا تھا مگر کوئی ردعمل سامنے نہیں آیا۔

کومٹ ریڈی راجگوپال ریڈی اور سنیل کنا گولو کے کانگریس سے علیحدگی اختیار کرنے کے فیصلہ سے قبل ایک سینئر کانگریس قائد نے مانیکم ٹیگور اور سنیل کناگولو کے خلاف ہائی کمانڈ کو منفی رپورٹ حوالہ کرنے کے خلاف شکایت کی تھی۔

 ڈی شروان کے پارٹی سے علیحدگی کے بعد کانگریس ہائی کمانڈ نے تلنگانہ کے امور پر گہری دلچسپی لینا شروع کردیا ہے اور حالیہ عرصہ میں مقرر کردہ اے آئی سی سی سکریٹریز روہت چودھری اور ندیم جاوید نے تلنگانہ پر دلچسپی لیتے ہوئے روزانہ رپورٹس بھیجنا شروع کردیا ہے۔