جموں و کشمیر

جموں وکشمیر کیلئے 5 اگست بلیک ڈے: محبوبہ مفتی

محبوبہ مفتی نے کہاکہ میں ملک کے عوام کو بتانا چاہتی ہوں کہ جو ترنگا آج لوگ شان سے لہراتے ہیں یہ لوگ اس کو بدل کر آپ کے ہاتھوں میں بھگوا جھنڈا دینا چاہتے ہیں پھر آپ ہوش میں آؤ گے۔

سری نگر: پی ڈی پی صدر اور سابق چیف منسٹر محبوبہ مفتی کا کہنا ہے کہ 5 اگست کا دن جموں وکشمیر و ملک کے لئے ایک کالا دن (بلیک ڈے) ہے کیونکہ اسی دن غیر آئینی طور پر ہماری خصوصی پوزیشن چھین لی گئی۔ انہوں نے کہا کہ اس طرح ملک کے آئین کی دھجیاں اڑالی گئی جس نے ہمیں یہ جھنڈا اور آئین دیا تھا۔

موصوف سابق چیف منسٹر نے ان باتوں کا اظہار جمعہ کے دن یہاں پارٹی ہیڈ کوارٹر پر صحافیوں کے ساتھ بات چیت کرنے کے دوران کیا۔ انہوں نے کہا کہ ’آج کا دن ملک اور جموں وکشمیر کے لئے کالا دن ہے کیونکہ اسی دن غیر آئینی طور ہماری خصوصی پوزیشن کو ہم سے چھین لیا گیا‘۔

اُنہوں نے کہاکہ ملک کے اُس آئین کی دھجیاں اڑا لی گئیں جس نے ہمیں یہ جھنڈا اور آئین دیا تھا۔ محبوبہ مفتی نے کہا کہ اس وقت جب ایسا ہوا ملک کے لوگ خاموش رہے بلکہ کچھ لوگوں نے جشن منایا۔

محبوبہ مفتی نے کہاکہ میں ملک کے عوام کو بتانا چاہتی ہوں کہ جو ترنگا آج لوگ شان سے لہراتے ہیں یہ لوگ اس کو بدل کر آپ کے ہاتھوں میں بھگوا جھنڈا دینا چاہتے ہیں پھر آپ ہوش میں آؤ گے۔اُنہوں نے کہاکہ یہ لوگ ملک کو مذیب کی بنیادوں پر تقسیم کرکے ایک مذہبی ملک بنایا چاہتے ہیں۔

موصوفہ نے کہا کہ ہم نہ صرف جموں وکشمیر سے چھینی گئی خصوصی پوزیشن واپس لائیں گے بلکہ کشمیر مسئلے جس کے لئے لاکھوں لوگوں نے قربانیاں دیں، ملک کے جوانوں نے شہادتیں دیں، کے حل کے لئے بھی ان لوگوں کو مجبور کریں گے۔