حامد انصاری اپنے بیان پر قائم
حامد انصاری کے دفتر سے جاری بیان میں کہا گیا کہ سابق نائب صدرجمہوریہ اپنے بیان پر قائم ہیں کہ وہ نہ تو پاکستانی صحافی کو جانتے ہیں اور نہ ہی انہوں نے اسے کبھی کسی کانفرنس میں مدعوکیا تھا۔
نئی دہلی: بی جے پی کی تازہ تنقید پر سابق نائب صدرجمہوریہ حامد انصاری نے جمعہ کے دن کہا کہ وہ اپنے پچھلے بیان پر قائم ہیں کہ وہ نہ تو پاکستانی صحافی نصرت مرزا کو جانتے ہیں اور نہ ہی انہوں نے کبھی اس شخص کو کسی کانفرنس میں مدعو کیا۔
نصرت مرزا کا دعویٰ ہے کہ وہ یو پی اے دور ِحکومت میں 5 مرتبہ ہندوستان آیا تھا اور اس نے یہاں اکٹھاکردہ جانکاری اپنے ملک کی خفیہ تنظیم آئی ایس آئی کو پہنچائی۔ اس نے یہ بھی کہا تھا کہ وہ حامد انصاری کے دعوت نامہ پر ہندوستان آیا تھا اور ان سے اس کی ملاقات بھی ہوئی تھی۔
حامد انصاری نے اس الزام کو جھوٹ کا پلندہ قراردے کر خارج کردیا۔ بی جے پی نے جمعہ کے دن اس معاملہ میں کانگریس پر پھر تقید تیز کردی۔ اس نے ایک تصویر دکھائی ہے جس میں حامد انصاری اور نصرت مرزا‘ دہشت گردی کے مسئلہ پر ہندوستان میں 2009میں منعقدہ ایک کانفرنس کے اسٹیج پر دیکھے جاسکتے ہیں۔
حامد انصاری کے دفتر سے جاری بیان میں کہا گیا کہ سابق نائب صدرجمہوریہ اپنے بیان پر قائم ہیں کہ وہ نہ تو پاکستانی صحافی کو جانتے ہیں اور نہ ہی انہوں نے اسے کبھی کسی کانفرنس میں مدعوکیا تھا۔ 2 دن قبل حامد انصاری نے بی جے پی کے دعویٰ کو جھٹلاتے ہوئے کہا تھا کہ نائب صدرجمہوریہ ہند کی طرف سے بیرونی مہمانوں کو دعوت نامہ حکومت کے مشورہ سے عام طورپر وزارت ِ خارجہ کے ذریعہ بھیجا جاتا ہے۔