دہلی

حکومت ہمیں ڈراکر خاموش نہیں کرسکتی: راہول گاندھی

راہول گاندھی نے یہاں نیشنل ہیرالڈ معاملے میں ایک سوال کا جواب دیتے ہوئے کہا کہ یہ سارا معاملہ ڈرانے دھمکانے کا ہے اور حکومت ہر وقت انہیں دھمکانے کی کوشش کر رہی ہے۔

نئی دہلی: کانگریس کے سابق صدر راہول گاندھی نے جمعرات کو کہا کہ حکومت چاہتی ہے کہ عوام سے جڑے مسائل پر کوئی سوال نہ کرے، اس لیے وہ ہمیں ڈرا دھمکا کر خاموش کرانے کی کوشش کر رہی ہے۔ ان کی یہ کوشش کامیاب نہیں ہوگی۔

راہول گاندھی نے یہاں نیشنل ہیرالڈ معاملے میں ایک سوال کا جواب دیتے ہوئے کہا کہ یہ سارا معاملہ ڈرانے دھمکانے کا ہے اور حکومت ہر وقت انہیں دھمکانے کی کوشش کر رہی ہے۔ حکومت کی کوشش ہوتی ہے کہ اپوزیشن جماعتوں کی آواز کو دبایا جائے تاکہ وہ حکومت سے سوال نہ کر سکیں۔

انھوں نے کہا، ”وہ سمجھتے ہیں کہ تھوڑا سا دباؤ ڈال کر وہ ہمیں خاموش کر دیں گے۔ ہم خاموش نہیں رہیں گے۔ ہم اس کے خلاف کھڑے ہوں گے جو نریندر مودی جی، امیت شاہ جی اس ملک میں کر رہے ہیں، جمہوریت کے خلاف، چاہے وہ کچھ بھی کریں، کوئی فرق نہیں پڑتا۔

جب کانگریس لیڈر سے پوچھا گیا کہ بھارتیہ جنتا پارٹی کیوں کہتی ہے کہ وہ جنگ نہیں چھوڑے گی اور بھاگنے نہیں دے گی، مسٹر گاندھی نے کہا، "بھاگنے کی بات کون کر رہا ہے۔ وہ بھاگنے کی بات کر رہے ہیں۔

 دیکھو، ہم راہ فرار اختیار نہیں کریں گے، ہم مودی سے ڈرنے والے نہیں ہیں۔ کرو، جو بھی کرنا ہے، کوئی فرق نہیں پڑے گا۔ میرا جو بھی کام ہے، ملک کی حفاظت کرنا، جمہوریت کی حفاظت کرنا، ملک میں جو بھائی چارہ ہے اسے برقرار رکھنا، میں جو بھی کرتا ہوں، کرتا رہوں گا۔