دہلی

کیا مہنگائی پر بحث‘ غیرپارلیمانی ہے؟: پرینکا گاندھی

پرینکا نے کہا کہ بی جے پی حکومت نے آٹا‘ اجناس‘ گڑ اور دہی جیسی گھریلو استعمال کی اشیاء پر گرہستی ستیاناس ٹیکس (جی ایس ٹی) لگاکر مہنگائی کا بوجھ مزید بڑھادیا۔ نریندر مودی جی‘ لوگوں کا خرچہ بڑھاتے جارہے ہیں۔

نئی دہلی: کانگریس قائد پرینکا گاندھی وڈرا نے چہارشنبہ کے دن الزام عائد کیا کہ وزیراعظم نریندر مودی لوگوں کا گھر خرچ بڑھاتے جارہے ہیں لیکن وہ پارلیمنٹ میں اس پر بحث سے کتراتے ہیں۔ پرینکا نے سوال کیا کہ آیا مہنگائی پر بحث کرنا ”غیرپارلیمانی“ ہے۔

 کانگریس نے کہا کہ بعض اشیائے ضروریہ پر ٹیکس بڑھانا ”ظلم“ ہے کیونکہ اس سے مہنگائی اور بڑھے گی۔ ہندی میں ٹویٹ میں پرینکا گاندھی نے کہا کہ کافی بڑھ چکی مہنگائی میں کنبوں کو سنجیونی(تقویت) کی ضرورت ہے۔

انہوں نے کہا کہ بی جے پی حکومت نے آٹا‘ اجناس‘ گڑ اور دہی جیسی گھریلو استعمال کی اشیاء پر گرہستی ستیاناس ٹیکس (جی ایس ٹی) لگاکر مہنگائی کا بوجھ مزید بڑھادیا۔ نریندر مودی جی‘ لوگوں کا خرچہ بڑھاتے جارہے ہیں۔ دوسری طرف وہ پارلیمنٹ میں بحث سے پیچھے ہٹ رہے ہیں۔