حیدرآباد: ریاستی حکومت کی جانب سے اسٹیٹ نرسنگ کونسل کا تعاون حاصل کرتے ہوئے سرکاری اور خانگی شعبوں میں برسر خدمات خودساختہ نرسس کو برخاست کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔
غیر تربیت یافتہ نرسوں پر عوام کی زندگیوں کے ساتھ کھیلنے کا الزام ہے۔ بی ایس نرسنگ جی این ایم اور اے این ایم کورس میں سند حاصل کئے بغیر ہزاروں کی تعداد میں غیر تربیت یافتہ نرسس خانگی دواخانوں میں کام کررہی ہیں۔
رجسٹرڈ نرسنگ اسوسی ایشن کے ذمہ داروں کا کہنا ہے کہ ان نرسس کو خانگی اور کارپوریٹ ہاسپٹل انتظامیہ کی تائید حاصل ہے۔
تلنگانہ نرسنگ کونسل نے غیر تربیت یافتہ نرسس کے خلاف کاروائی کرنے کیلئے تمام تربیت یافتہ نرسس کو کونسل میں رجسٹریشن کرانے کی ہدایت دی ہے۔ کونسل کی جانب سے تلنگانہ میں نرسنگ رجسٹریشن اور ٹرایکنگ سسٹم کو متعارف کرنے کا فیصلہ لیا گیا ہے۔
اس نظام کے تحت نرسس کو خصوصی شناختی کارڈس جاری کئے جائیں گے۔ رجسٹرتلنگانہ نرسس کونسل پدماوتی کے مطابق ریاست بھر میں جملہ32,124 تربیت یافتہ نرسس کو شناختی کارڈس جاری کئے جائیں گے۔