آندھراپردیش

ٹرین حادثہ، اے پی مہلوکین کے ورثا کو فی کس10لاکھ روپے ایگس گریشیا

آندھرا پردیش کے چیف منسٹر وائی ایس جگن موہن ریڈی نے اتوار کے روز عہدیداروں کو ہدایت دی کہ وہ اڈیشہ ٹرین حادثہ میں مرنے والے ریاست کے افراد کے پسماندگان کو فی کس10لاکھ روپے بطور ایکس گریشیا کی رقم جاری کریں۔

امراوتی: آندھرا پردیش کے چیف منسٹر وائی ایس جگن موہن ریڈی نے اتوار کے روز عہدیداروں کو ہدایت دی کہ وہ اڈیشہ ٹرین حادثہ میں مرنے والے ریاست کے افراد کے پسماندگان کو فی کس10لاکھ روپے بطور ایکس گریشیا کی رقم جاری کریں۔

متعلقہ خبریں
ایکس گریشیاء کا مطالبہ، امجداللہ خاں خالد سے نمائندگی
39 فیصد ووٹ حاصل کرنے کے باوجود وائی ایس آر سی پی کا عملاً صفایا
ٹاملناڈو ٹرین حادثہ، مرکز پر راہول گاندھی کی تنقید
میرا بھائی، راج شیکھر ریڈی کا جانشین نہیں : شرمیلا
پرشانت کشور کی پیش قیاسی مسترد

راحت اور بچاؤ آپریشن کا یہاں جائزہ لیتے ہوئے چیف منسٹر جگن نے عہدیداروں سے کہا کہ وہ ریاست کے مہلوکین کے ورثا کو فی کس10لاکھ روپے اور شدید زخمیوں کو فی کس5لاکھ روپے معاوضہ ادا کریں جبکہ معمولی زخمیوں کو فی کس ایک لاکھ روپے ایکس گریشیا کی رقم جاری کریں۔

مرکزی حکومت کی جانب سے دی جانے والی امدادی رقم کے علاوہ یہ ایکس گریشیا کی رقم رہے گی۔ انہوں نے اس ٹرین حادثہ میں ہلاک اور زخمی ریاست کے عوام کی تفصیلات حاصل کرنے کی بھی ہدایت دی۔ عہدیداروں نے جگن کو بتایا کہ سریکا کولم کا ایک مسافر جو اڈیشہ کے بالاسور میں مقیم تھا، اس حادثہ میں ہلاک ہوگیا۔

اس کے علاوہ اس حادثہ میں ریاست کے مزید کسی شہری کی ہلاکت یا زخمی ہونے کی اطلاعات نہیں ہیں۔آندھرا پردیش کے چیف منسٹر نے آئی اے ایس آفیسرس پر مشتمل کمیٹی جو ٹرین حادثہ کے مقام پر روانہ ہوئی ہے کے اقدامات کے بارے میں معلومات حاصل کیں۔

یہ کمیٹی، وزیر جی امرناتھ کی سرکردگی میں کام کررہی ہے۔ ایک اور ریاستی وزیر بوتسہ ستیہ نارائنہ نے جو وشاکھا پٹنم سے عہدیداروں کی کوآرڈنٹینگ کررہے ہیں۔ میڈیا کے نمائندوں کو بتایا کہ ہمیں ایسی اطلاعات ملی ہیں کہ آندھرا پردیش کے 695 مسافرین، ان دوٹرینوں میں سفر کررہے تھے 484 افراد کو را منڈل ایکسپریس اور مابقی211 افراد یشونت پور اکسپریس میں سفر کررہے تھے۔

وزیر نے بتایا کہ553 مسافرین محفوظ ہیں جبکہ عہدیداروں نے بتایا کہ92مسافرین، حادثہ کے وقت ٹرینوں میں نہیں تھے۔انہوں نے کہا کہ28 مسافرین، فون کالس کا جواب نہیں دے رہے ہیں اور عہدیدار، ان مسافرین کے گھروں کوگئے ہوئے ہیں۔

ریاست اے پی کے دیگر22مسافرین معمولی زخمی ہوئے ہیں ان کا مختلف ہاسپٹلوں میں علاج جاری ہے۔ انہوں نے کہا کہ ان ریزروڈ بوگیوں میں سفر کرنے والے افراد کی تعداد کے بارے میں انہیں کوئی اطلاع نہیں ہے۔ اطلاعات کے مطابق 180 لاشوں کی شناخت نہیں ہوسکی ہے۔