بھارت

کمرشیل ایل پی جی سلنڈر کے دام میں کمی

ذرائع کے مطابق اے ٹی ایف کی قیمت میں 12 فیصد کمی کی گئی ہے جبکہ کمرشیل ایل پی جی کی قیمت میں 36 روپے فی سلنڈر کی کمی کی گئی ہے۔

نئی دہلی: ایوی ایشن ٹربائن فیول (اے ٹی ایف) اور کمرشیل ایل پی جی سلنڈر کی قیمتوں میں پیر کو کمی کی گئی۔ذرائع کے مطابق اے ٹی ایف کی قیمت میں 12 فیصد کمی کی گئی ہے جبکہ کمرشیل ایل پی جی کی قیمت میں 36 روپے فی سلنڈر کی کمی کی گئی ہے۔

انڈین آئیل کارپوریشن (آئی اوسی) کے ایک اعلامیہ کے مطابق اے ٹی ایف کی قیمت اب نئی دہلی میں 1,21,915.57 روپے فی کلو لیٹر ہوگی جبکہ کولکتہ میں 1,28,425.21 روپے‘ ممبئی میں 1,20,875.86 روپے اور چینائی میں 1,26,516.29 روپے فی کلو لیٹر ہو گی۔اس سال ایندھن کی قیمت میں یہ تیسری کمی ہے۔

اس سے قبل ان کی قیمتوں میں 16 جولائی اور 16 جون کو نظر ثانی کی گئی تھی۔ اے ٹی ایف کی قیمتوں میں ہر مہینہ کی یکم اور 16 تاریخ کو نظر ثانی کی جاتی ہے۔

آئی او سی کے ایک اور نوٹیفکیشن کے مطابق ایل پی جی کمرشل گیس سلنڈر (19 کلوگرام سلنڈر) کی قیمت اب نئی دہلی میں 1976.50 روپے فی سلنڈر‘ کولکتہ میں 2095.50 روپے‘ ممبئی میں 1936.50 اور چینائی میں 2141.00 روپے فی سلنڈر ہوگی۔

اس سے قبل کمرشل گیس سلنڈر (19کلوگرام سلنڈر) کی قیمتوں میں فی سلنڈر 8.50 روپے کی کمی کی گئی تھی۔ مقامی ٹیکسوں کے لحاظ سے شرحیں ایک ریاست سے دوسری ریاست میں مختلف ہو سکتی ہیں۔ ملک میں ڈیزل اور پٹرول کی قیمتوں میں کوئی تبدیلی نہیں ہوئی ہے۔