شمال مشرق

آئی ایس آئی ایس انڈیا کا سربراہ اور قریبی ساتھی گرفتار

آسام پولیس کی اسپیشل ٹاسک فورس (ایس ٹی ایف) نے آج ایک بڑی کامیابی حاصل کرتے ہوئے آئی ایس آئی ایس انڈیا کے سربراہ حارث فاروقی اور اس کے ایک ساتھی کو گرفتار کرلیا۔

گوہاٹی: آسام پولیس کی اسپیشل ٹاسک فورس (ایس ٹی ایف) نے آج ایک بڑی کامیابی حاصل کرتے ہوئے آئی ایس آئی ایس انڈیا کے سربراہ حارث فاروقی اور اس کے ایک ساتھی کو گرفتار کرلیا۔

یہ دونوں پڑوسی ملک بنگلہ دیش سے آسام کے دھوبری میں داخل ہونے کے بعد قومی تحقیقاتی ایجنسی (این آئی اے) کے انتہائی مطلوب ملزمین کی فہرست میں شامل تھے۔

ایس ٹی ایف کے ذرائع نے بتایا کہ ایجنسیوں کو یہ اطلاع ملی کہ ہندوستان میں آئی ایس آئی ایس کے دو ارکان جو ایک پڑوسی ملک میں مقیم تھے، دھوبری سکٹر سے ہندوستان میں داخل ہوں گے تاکہ تخریبی سرگرمیاں انجام دے سکیں۔

حارث فاروقی عرف حارث اجمل فاروقی ہندوستان میں آئی ایس آئی ایس کا سربراہ ہے، اسے اور اس کے ساتھی ریحان کو ایک بڑی کارروائی میں گرفتار کرلیا گیا۔ انسپکٹر جنرل پولیس پارتھاسارتھی مہنتا کی زیرقیادت اسپیشل ٹاسک فورس کی ایک ٹیم کل شام ان دونوں کو گرفتار کرنے روانہ ہوئی۔

ٹیم کو باوثوق ذرائع سے اطلاع ملی تھی جس کے بعد ہندوستان اور بنگلہ دیش کے درمیان بین الاقوامی سرحد کے قریبی علاقہ میں تلاشی مہم شروع کردی گئی۔ ٹیم نے آج صبح دھوبری کے دھرم شالہ علاقہ میں اِن دونوں کو اُس وقت گرفتار کرلیا جب وہ لوگ سرحد پار سے دھوبری میں داخل ہوئے تھے۔

بیان میں کہا گیا کہ ان لوگوں نے سازشوں کے ذریعہ ہندوستان میں آئی ایس آئی ایس کے کاز کو فروغ دیا تھا تاکہ نوجوانوں کو بھرتی کرسکیں، دہشت گردی فنڈنگ کرسکیں اور ہندوستان بھر میں کئی مقامات پر آئی ای ڈیز استعمال کرتے ہوئے دہشت گردانہ سرگرمیاں انجام دے سکیں۔

ایک پولیس عہدیدار نے بتایا کہ ان دونوں کے خلاف این آئی اے، دہلی اے ٹی ایس اور لکھنؤ سمیت کئی مقامات پر کیس درج ہیں۔ پولیس نے بتایا کہ ایس ٹی ایف، آسام ان دونوں کو این آئی اے کے حوالے کرے گی تاکہ ان کے خلاف مزید قانونی کارروائی کی جاسکے۔

a3w
a3w