اسرائیلی فورسس کی کارروائی، مزید 2 فلسطینی شہید
عالمی خبر رساں ادارہ کے مطابق مغربی کنارے میں اسرائیلی فوج کی فائرنگ میں شہید ہونے والے فلسطینی نوجوانوں کی شناخت 21 سالہ اسید ابو علی اور 32 سالہ عبدالرحمان ابو دغاش کے نام سے ہوئی ہے۔

غزہ: اسرائیلی فوج نے ایک چھاپہ مار کارروائی میں مزید 2 فلسطینی نوجوانوں کو گولیاں مار کر شہید کردیا۔عالمی خبر رساں ادارہ کے مطابق مغربی کنارے میں اسرائیلی فوج کی فائرنگ میں شہید ہونے والے فلسطینی نوجوانوں کی شناخت 21 سالہ اسید ابو علی اور 32 سالہ عبدالرحمان ابو دغاش کے نام سے ہوئی ہے۔
اسرائیلی فوج نے دعویٰ کیا ہے کہ نور شمس پناہ گزین کیمپ میں ایک عمارت کو تباہ کیا ہے جس میں عسکریت پسندوں کا کمانڈ سینٹر، بارودی مواد کا ذخیرہ اور بم بنانے کا کارخانہ بھی تھا۔
بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ چھاپا مار کارروائی کے دوران عسکریت پسندوں نے سڑکوں کے نیچے نصب کئی بموں کو دھماکے سے اڑایا اور فوج پر فائرنگ کی، دھماکا خیز مواد پھینکا گیا۔اسرائیلی فوج کے بقول جوابی فائرنگ میں دو فلسطینی نوجوان ہلاک ہوگئے۔
یاد رہے کہ رواں برس اسرائیلی جارحیت میں تاحال 250 سے زائد فلسطینی نوجوان شہید ہوچکے ہیں جب کہ 25 سے زائد یہودی مارے گئے ہیں۔فلسطینی میڈیا کے مطابق مغربی کنارے کے شہر طولکرم میں صیہونی فورسز نے سرچ آپریشن کے نام پردھاوا بول دیا۔
اس دوران فائرنگ سے دو نوجوان شہید ہوگئے۔ دونوں کو سرپر گولیاں ماری گئی تھیں۔غزہ کی پٹی میں اسرائیلی طیاروں نے بمباری کی تاہم کسی جانی نقصان کی اطلاع نہیں ملی۔فلسطینی حکام کا کہنا تھا کہ غزہ اور اسرائیل کے درمیان سرحد پر جھڑپوں میں تین فلسطینی زخمی ہوگئے ہیں۔
دوسری طرف اسرائیلی فوج نے کہا ہے کہ اس نے غزہ کی پٹی میں حماس کے ٹھکانوں پر بمباری کی ہے۔اسرائیلی فورسس نے ان پر براہ راست گولیاں برسائیں اور فلسطینی نوجوانوں نے اسرائیلی فورسز پر پتھراؤ اور دیسی ساختہ بم پھینکے۔اسرائیلی فوج نے ایک بیان میں کہا ہے کہ اس نے غزہ کی پٹی میں سکیورٹی سرحدوں سے ملحقہ حماس کے ٹھکانوں پر بمباری کی ہے۔