حیدرآباد

باپ، بیٹے کی حکومت نے تلنگانہ کو تباہ کردیا: ریونت ریڈی

ریونت ریڈی نے کہا کہ اگر حکومت محکمہ موسمیات کی پیش قیاسی پر بروقت اقدامات کرتی تو انسانی جانوں اور نقصانات کو بچایا جاسکتا تھا۔ متاثرہ علاقوں میں امداد وراحت کاری کے لئے بروقت ڈیزاسٹرمینجمنٹ کو روانہ نہیں کیاگیا۔

حیدرآباد: بی جے پی قائدکٹی کارتیکا کی قیادت میں پارٹی کے سینکڑوں کارکنوں نے آج کانگریس پارٹی میں شمولیت اختیار کی۔ صدر  ٹی پی سی سی اے ریونت ریڈی ایم پی نے انہیں کھنڈوا پہنا کر پارٹی میں شامل کرنے کا اعلان کیا۔ اس موقع پر ریونت ریڈی نے اپنے خطاب میں ریاست میں سیلاب کی تباہ کاریوں اور جانی نقصانات کیلئے ٹی آر ایس حکومت کو ذمہ دار قرار دیا اور الزام عائد کیا کہ ریاست تلنگانہ کو باپ بیٹے کی حکومت نے تباہ کردیا۔

انہوں نے کہا کہ اگر حکومت محکمہ موسمیات کی پیش قیاسی پر بروقت اقدامات کرتی تو انسانی جانوں اور نقصانات کو بچایا جاسکتا تھا۔ متاثرہ علاقوں میں امداد وراحت کاری کے لئے بروقت ڈیزاسٹرمینجمنٹ کو روانہ نہیں کیاگیا۔ باپ اور بیٹے، جھوٹے انتخابی سروے پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے جھوم رہے ہیں انہیں سیلاب سے متاثر افراد کی کوئی فکر نہیں ہے۔

 سیاسی توڑ جوڑ، عوام کی زندگیوں سے ان کے نزد اہم ہے۔ انہوں نے کہاکہ متاثرہ علاقوں میں بڑے پیمانہ پر ندیوں کے اطراف ریت کی نکاسی سیلاب کی اصل وجہ ہے اور اس کیلئے کے سی آر خاندان ذمہ دار ہے۔

ریونت ریڈی نے کہا کہ انہوں نے وزیر اعظم نریندر مودی  کو ایک مکتوب روانہ کرتے ہوئے تلنگانہ میں بارش کی تباہ کاریوں کو قومی آفات سماوی قرار دینے اور فوری طور پر 2ہزار کروڑ روپے کی امداد جاری کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔

بی جے پی قائدین بنڈی سنجے اور مرکزی وزیر جی کشن ریڈی کو مشورہ دیا کہ وہ تلنگانہ کا دورہ کرنے اور امداد و راحت کاری کے لئے فوری 2ہزار کروڑ روپے جاری کرنے کیلئے مرکز پر دباؤ ڈالیں۔ انہوں نے کہا کہ بارش کے موسم سے قبل ہی چیف منسٹر کو عہدیداروں کے ساتھ جائز اجلاس طلب کرنا چاہئے تھا۔

 انہوں نے کہا کہ کالیشورم پراجکٹ کی ری ڈیزائنگ کے نام پر ایک لاکھ کروڑ روپے خرچ کئے گئے لیکن آج اس کے کئی پمپ ہاوز پانی میں ڈوب گئے۔ کٹی کارتیکا نے کہا کہ انہیں کانگریس میں شمولیت اختیار کرتے ہوئے خوشی محسوس ہورہی ہے۔