دہلی

راجیو گاندھی کی جینتی پر کانگریس لیڈران نے خراج پیش کیا

مسٹرگاندھی نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم 'ایکس' پر اپنے والد راجیو گاندھی کو یاد کرتے ہوئے کہا کہ آج جب ملک بھر میں نوجوانوں کے درمیان بڑھتی ہوئی بے چینی اور ہلچل کو دیکھا جا رہا ہے

نئی دہلی :   کانگریس پارلیمانی پارٹی کی لیڈر سونیا گاندھی، پارٹی صدر ملیکارجن کھرگے، سابق صدر راہول گاندھی سمیت کانگریس کے کئی سینئر لیڈران نے جمعرات کو سابق وزیرِ اعظم راجیو گاندھی کے 82 ویں یومِ پیدائش پر ان کی یادگار ‘ویر بھومی’ پر پھول پیش کر کے انہیں خراجِ عقیدت پیش کیا۔سابق وزیرِ اعظم کی یادگار پر مسٹرکھرگے، محترمہ گاندھی، اور ان کے بیٹے راہل گاندھی کے علاوہ ان کی بیٹی پرینکا گاندھی واڈرا اور ان کے شوہر رابرٹ واڈرا نے بھی راجیو گاندھی کو خراجِ عقیدت پیش کیا۔

مسٹرگاندھی نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ‘ایکس’ پر اپنے والد راجیو گاندھی کو یاد کرتے ہوئے کہا کہ آج جب ملک بھر میں نوجوانوں کے درمیان بڑھتی ہوئی بے چینی اور ہلچل کو دیکھا جا رہا ہے، تب یہ یاد کرنا اہم ہے کہ سابق وزیرِ اعظم راجیو گاندھی نے نوجوانوں اور ملک کے مستقبل کے حوالے سے کئی اہم اقدامات اٹھائے تھے۔

انہوں نے کہا کہ راجیو گاندھی نے آئین میں ترمیم کر کے ووٹ ڈالنے کی کم از کم عمر 21 سال سے گھٹا کر 18 سال کی اور 18 سال کے نوجوانوں کو حقِ رائے دہی دیا۔ مسٹرراجیو گاندھی نے سوامی وویکانند کے یومِ پیدائش 12 جنوری کو ‘نیشنل یوتھ ڈے‘ قرار دیا تھا اور 1988 میں نئی تعلیمی پالیسی نافذ کی، جس کے تحت ملک بھر میں نوودیہ ودیالیہ کا نیٹ ورک قائم کرنے سمیت کئی نئی کوششیں کی گئیں۔

انہوں نے کہا کہ راجیو گاندھی نے ملک کے تمام اضلاع کو کور کرنے والے ‘نہرو یوتھ سینٹر آرگنائزیشن’ کی بنیاد رکھی، جس کا نام اب بدل کر ‘میرا یووا بھارت’ کر دیا گیا ہے۔

کانگریس لیڈر نے کہا کہ راجیو گاندھی نے ہندستان کو فیصلہ کن طور پر انفارمیشن ٹیکنالوجی کے دور میں پہنچایا، جس سے روزگار کے لاکھوں نئے مواقع پیدا ہوئے۔

مسٹر گاندھی نے مزید لکھا: ”ہندستانیوں کے درمیان خیر سگالی، ہر دل میں ہمدردی اور ہر شہری کو انصاف و جمہوریت میں مساوی حقوق۔ پاپا، آپ کی یہ تعلیمات میری طاقت ہیں اور آپ کی یادیں میری ہمت۔ آپ کے خوابوں کا ہندستان بنانے کا عزم ہمیشہ میری رہنمائی کرتا رہے گا۔“