دہلی

سونیا گاندھی سے ای ڈی کی پوچھ تاچھ کیخلاف کانگریس کا زبردست احتجاج

75 سالہ کانگریس قائد جو کووِڈ سے روبہ صحت ہورہی ہیں‘ سے پوچھ تاچھ تقریباً 2 گھنٹوں تک جاری رہی اور ان کی درخواست پر سیشن کو ختم کیا گیا۔ عہدیداروں نے یہ بات بتائی۔ انہیں اگلے مرحلہ کی پوچھ تاچھ کے لئے 25 جولائی کو دوبارہ طلب کیا گیا ہے۔

نئی دہلی: انفورسمنٹ ڈائرکٹوریٹ (ای ڈی) نے آج اخبار نیشنل ہیرالڈ سے متعلق ایک منی لانڈرنگ کیس میں صدر کانگریس سونیا گاندھی سے پوچھ تاچھ کی۔ آج کا دن پارٹی کے لئے طاقت کے مظاہرہ کا دن تھا۔ پارٹی نے سڑکوں پر احتجاج کیا اور ملک بھر میں پارٹی قائدین نے گرفتاریاں دیں۔

75 سالہ کانگریس قائد جو کووِڈ سے روبہ صحت ہورہی ہیں‘ سے پوچھ تاچھ تقریباً 2 گھنٹوں تک جاری رہی اور ان کی درخواست پر سیشن کو ختم کیا گیا۔ عہدیداروں نے یہ بات بتائی۔ انہیں  اگلے مرحلہ کی پوچھ تاچھ کے لئے 25 جولائی کو دوبارہ طلب کیا گیا ہے۔

 اس سیشن کو کووِڈ پروٹوکول کو مدنظر رکھتے ہوئے منعقد کیا گیا اور اس میں حصہ لینے والے ہر شخص کے پاس کووِڈ نگیٹیو سرٹیفکیٹ تھا۔ سونیا گاندھی سے بھی اسی اسسٹنٹ ڈائرکٹر لیول کے تحقیقاتی عہدیدار نے پوچھ تاچھ جس نے ایک کیس میں ان کے لڑکے راہول گاندھی سے پوچھ تاچھ کی تھی۔

علیحدہ اطلاع کے بموجب کانگریس نے آج اپوزیشن قائدین کے خلاف تحقیقاتی ایجنسیوں کے بے جا استعمال پر مودی حکومت کو نشانہ ئ تنقید بنایا اور سونیا گاندھی سے انفورسمنٹ ڈائرکٹوریٹ  کی پوچھ تاچھ کے خلاف احتجاجی مظاہرے منظم کئے۔ پارٹی نے الزام عائد کیا کہ حکمراں بی جے پی‘ اپوزیشن کے ساتھ دشمنوں جیسا سلوک کررہی ہے۔

 سینئر کانگریس قائدین بشمول بعض ارکان پارلیمنٹ نے ای ڈی کی کارروائی کے خلاف بطور احتجاج یہاں پارٹی کے ہیڈکوارٹرس کے روبرو گرفتاری دی۔ مختلف سیاسی جماعتوں کے قائدین نے بھی سونیا گاندھی کے خلاف ای ڈی کی کارروائی کی مذمت کی اور ایک میٹنگ میں الزام عائد کیا کہ حکومت تحقیقاتی ایجنسیوں کے شرپسندانہ بے جا استعمال کے ذریعہ اپنے سیاسی مخالفین کے خلاف مسلسل مہم چلارہی ہے۔

 سینئر کانگریس قائد و چیف منسٹر راجستھان اشوک گہلوت نے کہا کہ تحقیقاتی ایجنسی کو چاہئے کہ وہ پہلے ایک پریس کانفرنس منعقد کرے اور یہ بتائے کہ سونیاگاندھی کے خلاف کن الزامات کے تحت تحقیقات کی جارہی ہیں۔ انہوں نے یہاں ایک پریس کانفرنس میں نامہ نگاروں سے کہا کہ میں سونیا گاندھی کو پوچھ تاچھ کے لئے طلب کرنے ای ڈی کی کارروائی کی مذمت کرتا ہے۔

 انہوں نے کہا کہ ای ڈی کو چاہئے تھا کہ وہ اپنے سوالات کے جواب حاصل کرنے ان کی قیام گاہ پر جاتا۔ انہوں نے ماضی کی مثالیں بھی دیں اور کہا کہ سونیا گاندھی کو ہراساں کرنے کے لئے یہ سب کچھ کیا جارہا ہے۔ سونیا گاندھی نیشنل ہیرالڈ منی لانڈرنگ کیس میں پوچھ تاچھ کے لئے یہاں ای ڈی کے روبرو حاضر ہوئیں۔

 کانگریس جنرل سکریٹری جئے رام رمیش نے کہا کہ کانگریس کے تمام ارکان پارلیمنٹ اور سی ڈبلیو سی ارکان نے صدر کانگریس سونیا گاندھی کے ساتھ اظہار ِ یکجہتی کی خاطر یہاں ہمارے پارٹی ہیڈکوارٹرس کے باہر اجتماعی گرفتاری دی۔ انہوں نے کہا کہ سونیا گاندھی کو سیاسی انتقام کا نشانہ بنایا جارہا ہے۔

 ہمیں پرانی دہلی میں ایک پولیس اسٹیشن لے جایا جارہا ہے۔ ایک اور کانگریس قائد پی چدمبرم نے کہا کہ ای ڈی سپریم کورٹ سے بڑا نہیں ہے۔ آخر ای ڈی کیا تحقیقات کرنا چاہتا ہے جو سپریم کورٹ کی جانب سے نہیں کی جاسکتیں۔ چدمبرم نے الزام عائد کیا کہ ای ڈی سپریم کورٹ سے آگے بڑھنے کی کوشش کررہا ہے اور کانگریس پارٹی کو ڈرانے کی کوشش کی جارہی ہے۔

کانگریس ایسی ڈرانے والی کوششوں کے آگے نہیں جھکے گی۔ کانگریس قائد پون کھیڑا نے بھی الزام عائد کیا کہ جب بھی حکومت اپنے آپ کو گھرا ہوا پاتی ہے تو وہ اپنی ایجنسیوں کو سامنے لے آتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس سازش کا مقصد ہمیں خاموش کرنا ہے اور ملک کو اپوزیشن سے پاک بنانا ہے۔

قبل ازیں اس کیس میں راہول گاندھی سے پوچھ تاچھ کا حوالہ دیتے ہوئے گہلوت نے کہا کہ اس سے پہلے کبھی کسی لیڈر سے مسلسل 5 دن اور کئی گھنٹوں تک پوچھ تاچھ نہیں کی گئی۔ ان کا مقصد ہمارے حوصلے پست کرنا اور مسائل پیدا کرنا ہے۔

a3w
a3w