تلنگانہ

ٹریپل آئی ٹی باسر کے طلبہ کے مطالبات جائز: انچارج وائس چانسلر

ٹریپل آئی ٹی باسر کے انچارج وائس چانسلر وینکٹ رامنا نے آج کہا کہ کالج کے طلبہ کے مطالبات جائز ہیں۔

حیدرآباد: ٹریپل آئی ٹی باسر کے انچارج وائس چانسلر وینکٹ رامنا نے آج کہا کہ کالج کے طلبہ کے مطالبات جائز ہیں۔

انہوں نے کہا کہ طلبہ کے چند مطالبات کو حل کیا جائے گا جبکہ دیگر پر غور وخوص جاری ہے۔ انہوں نے تمام طلبہ سے اپیل کی کہ وہ کھانے کا بائیکاٹ نہ کریں جونا مناسب بات ہے۔

احتجاجی طلبہ میں اعتماد کو بڑھاوا دیتے ہوئے انچارج وائس چانسلر نے طلبہ کو بتایا کہ میس کے نئے کنٹراکٹر کے تقرر کا عمل شروع کردیا گیا ہے۔ اس سلسلہ میں نئے ٹنڈر طلب کئے جائیں گے۔

توقع ہے کہ یہ عمل ایک ہفتہ میں مکمل کرلیا جائے گا۔ دوسری طرف پارینٹس کمیٹی نے طلبہ کے احتجاج کی تائید کرنے کا اعلان کیا۔ کمیٹی نے حکومت کے رویہ پر برہمی کااظہار کیا اور کہا کہ طلبہ، رات کا کھنا اور آج صبح کے ناشتہ کا بائیکاٹ کرچکے ہیں مگر اس کے باوجود حکومت کو ان طلبہ کی کوئی فکر نہیں ہے۔

کمیٹی کے ارکان نے ریاست بھر میں حکومت کے خلاف احتجاج منظم کرنے کی دھمکی دی۔ قبل ازیں ٹریپل آئی ٹی باسر کے طلبہ کا احتجاج بدستور جاری ہے اور طلبہ نے اتوار کے روز صبح کے ناشتہ کا بھی بائیکاٹ کیا ٹریپل آئی ٹی کے طلبہ نے ریاستی حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ فوری طور پر میس کنٹراکٹر کو تبدیل کردے۔

کسی بھی ناخوشگوار واقعہ کو روکنے کیلئے پولیس نے احتیاطاً بی جے پی قائدین کو اس وقت حراست میں لے لیا جبکہ ایسی اطلاعات ملی تھیں کہ بابو راؤ رکن پارلیمان، احتجاجی طلبہ سے ملاقات کیلئے باسر جانے والے ہیں۔

گذشتہ شب سے طلبہ کا تازہ احتجاج جاری ہے۔ انچارج وائس چانسلر وینکٹ رامنا نے طلبہ سے بات چیت کی تاہم یہ بات چیت ناکام رہی۔ وائس چانسلر نے کہا کہ موجودہ حالات میں یہ ممکن نہیں ہے اور ٹنڈر طلب کرنا پڑے گا۔ طلبہ نے واضح کردیا ہے کہ جب تک نئے کنٹراکٹر کا تقرر نہیں ہوتا تب تک ان کا احتجاج جاری رہے گا۔

طلبہ نے ہفتہ کی شب، کھانا کھانے سے انکار کردیا طلبہ کا کہنا ہے کہ فراہم کئے جانے والے کھانے کے معیار میں بہتری نہیں آئی ہے اس لئے وہ، احتجاج پر اتر آئے ہیں۔ احتجاجی طلبہ نے کھانے کے معیار کو بہتر بنانے کا مطالبہ کیا اور میڈ ڈے میل میں موز کے بجائے سیب یا سنگترہ فراہم کرنے پر زور دیا۔ ہم، تغذیہ بخش غذا چاہتے ہیں۔