کھیل

ٹیم انڈیا کے نہ آنے سے پاکستان کو فرق نہیں پڑتا : میانداد

ایشیا کپ 2023 کی میزبانی کے حوالے سے ہندوستان اور پاکستان کے درمیان کرکٹ تعلقات تلخ ہوتے دکھائی دے رہے ہیں۔ ایشین کرکٹ کونسل (اے سی سی) کے بحرین میں ہونے والے حالیہ اجلاس میں بھی اس پر کچھ خاص نہیں کیاگیا۔

اسلام آباد: ایشیا کپ 2023 کی میزبانی کے حوالے سے ہندوستان اور پاکستان کے درمیان کرکٹ تعلقات تلخ ہوتے دکھائی دے رہے ہیں۔ ایشین کرکٹ کونسل (اے سی سی) کے بحرین میں ہونے والے حالیہ اجلاس میں بھی اس پر کچھ خاص نہیں کیاگیا۔

جہاں پاکستان شدت سے ایشیا کپ 2023 کی میزبانی کرنا چاہتا ہے، وہیں بی سی سی آئی کا کہناہے کہ وہ موجودہ صورتحال میں ہندوستانی ٹیم کو پاکستان نہیں بھیج سکے گا۔ بی سی سی آئی کے اس موقف پر اب پاکستانی لیجنڈ کرکٹر جاوید میانداد کا بیان سامنے آیا ہے۔

ایک تقریب میں جب میانداد سے ہندوستانی ٹیم کے پاکستان نہ آنے سے متعلق سوال پوچھا گیا تو انہوں نے واضح لہجے میں کہاکہ اگر ہندوستانی ٹیم پاکستان نہیں آرہی تو بھاڑ میں جائے، پاکستان کو اس سے کوئی فرق نہیں پڑتا۔ میانداد نے کہاکہ میں پہلے بھی کہہ رہا ہوں کہ اگر وہ (ہندوستانی ٹیم) نہیں آرہی ہے اس سے ہمیں کوئی پرواہ نہیں ہے۔ ہم اپنی کرکٹ حاصل کررہے ہیں۔

یہ آئی سی سی کا کام ہے۔ اگر اس چیز کو آئی سی سی کنٹرول نہیں کرسکتی تو ایسی گورننگ باڈی کا کوئی کام نہیں۔ میانداد نے کہاکہ آئی سی سی کے تمام ممالک کیلئے ایک جیسے قوانین ہونے چاہئیں۔ اگر کوئی مضبوط ٹیم ٹورنامنٹ میں نہیں آرہی ہے تو آپ اسے باہر پھینک دیں۔

ہندوستانی ٹیم ہندوستان کی ہوگی، یہ صرف ہماری یا دنیا کی ٹیم نہیں ہے۔ میانداد نے اس دوران ٹیم انڈیا کے پاکستان نہ آنے کی من گھڑت وجہ بھی بتادی۔ انہوں نے کہاکہ ہندوستانی ٹیم یہاں کیوں نہیں کھیلتی کیونکہ جب وہ یہاں ہارتے ہیں تو وہ مشکل میں پڑ جاتے ہیں۔

ہندوستان کی عوام ایسی ہے یہ ہمیشہ سے اس کا وطیرہ رہا ہے، وہ جب بھی ہارتا ہے، مسئلہ بن جاتا ہے۔ اسی وجہ سے وہ ہمارے دور میں بھی یہاں نہیں آئے تھے۔ ہندوستان جب بھی ہارتا ہے، چاہے وہ ہم سے ہارے یا کسی اور سے، وہاں کی عوام گھروں کو آگ لگا دیتی ہے۔ ہمیں یاد ہے جب ہم کھیلتے تھے تو ان کے کھلاڑیوں کے ساتھ بہت سے مسائل تھے۔