حیدرآباد

ٹی آر ایس کو تیسری بار اقتدار ملنا طئے: کے ٹی آر

کے ٹی راما راؤ نے کہا کہ کانگریس اور بی جے پی کے سروے رپورٹس کے مطابق اسمبلی انتخابات میں ٹی آر ایس کو90 حلقوں پر کامیابی حاصل ہوگی۔ انہوں نے مزید کہا کہ ریاست میں قبل از وقت انتخابات کے انعقاد کا کوئی امکان نہیں ہے۔

حیدرآباد: ٹی آر ایس کے کارگذار صدر و ریاستی وزیر انفارمیشن ٹکنالوجی کے ٹی راما راؤ نے کہا کہ تلنگانہ میں ٹی آر ایس کو مسلسل تیسری بار اقتدار حاصل ہونا طئے ہے۔ آج یہاں صحافیوں سے بات چیت کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ کانگریس اور بی جے پی کی جانب سے کروائے گئے سروے رپورٹس میں  واضح ہوچکا ہے کہ چیف منسٹر کے طور پر کے چندر شیکھر راؤہیٹرک کریں گے۔

انہوں نے کہا کہ اپوزیشن جماعتیں بھی اب اعتراف کرنے لگی ہیں کہ آئندہ انتخابات میں ٹی آر ایس کی کامیابی کو کوئی نہیں روک سکتا۔ عوام، ٹی آر ایس کی 9 سالہ کارکردگی سے مطمئن ہے اور ریاست کی ترقی اور خوشحالی کے خاطر ٹی آر ایس کو تیسری میعاد کیلئے موقعہ دینے کا ذہن بنالیا ہے۔

کارگذار صدر ٹی آر ایس نے کہا کہ پارٹی عوامی مقبولیت کے حامل طاقت ور قائدین کو ساتھ لیکر انتخابات کا سامنا کرے گی۔ انہوں نے واضح کیا کہ ریاست میں صرف ٹی آر ایس ایسی واحد جماعت ہے جس کی شاخیں گاؤں گاؤں تک پہلی ہوئی ہیں۔ دوسری کسی جماعت کو عوام کی اتنی پذیرائی حاصل نہیں ہے۔

کے ٹی راما راؤ نے کہا کہ کانگریس اور بی جے پی کے سروے رپورٹس کے مطابق اسمبلی انتخابات میں ٹی آر ایس کو90 حلقوں پر کامیابی حاصل ہوگی۔ انہوں نے مزید کہا کہ ریاست میں قبل از وقت انتخابات کے انعقاد کا کوئی امکان نہیں ہے۔ انتخابات، شیڈول کے مطابق 2023 میں ہی ہوں گے۔

انہوں نے کہا کہ اگر بی جے پی انتخابات کے امکانی تواریخ کا اعلان کرتی ہے تو چیف منسٹر اسمبلی تحلیل کرنے کیلئے تیار ہیں۔ مگر اس موضوع پر بی جے پی کی جانب سے کوئی ردعمل ظاہر نہیں کیا جارہا ہے۔ کے ٹی راما راؤ نے مرکزی حکومت پر خود مختار ا داروں کو اپنے کنٹرول میں لینے کا الزام لگاتے ہوئے کہا کہ الیکشن کمیشن آف انڈیا بھی مرکزی حکومت کے ہاتھوں کٹ پتلی بنا ہوا ہے۔

 انہوں نے واضح کیا کہ ٹی آر ایس سربراہ کے سی آر نہ کسی سے خوفزدہ ہیں اور نہ کسی کے آگے جھکنے والے ہیں۔ ان کی خاموشی کا چندافراد غلط مطلب نکال رہے ہیں۔ بی جے پی کے ڈبل انجن جملہ کو مودی اور ای ڈی سے تعبیر کرتے ہوئے ٹی آر ایس قائد نے کہا کہ بی جے پی اچھی کارکردگی کے ذریعہ عوام کے دلوں کو فتح کرنے کے گر سے ناواقف ہے۔

کانگریس کے متعلق۔ انہوں نے کہا کہ راہول گاندھی کی قیادت میں کانگریس اپنے وجود کے آخری سانسیں لے رہی ہے۔ کے ٹی راما راؤ نے کہا کہ ملک بھر میں تلنگانہ ایسی واحد ریاست ہے جہاں بے شمار ترقیاتی اور فلاحی ا سکیموں پر عمل کیا جارہا ہے۔

 دوسری طرف مرکزی حکومت خود اپنی عوام کے ساتھ دشمنوں جیسا رویہ اختیار کی ہوئی ہے۔ کسانوں کو ناکردہ گناہوں کی سزاء دی جارہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ریاست کے تمام اہل عوام کو نئے راشن کارڈس، پنشن منظور کئے جائیں گے اس کے علاوہ دھرانی پورٹل میں موجود نقائص کو دور کیا جائے گا۔

a3w
a3w