مدرسہ فیض القرآن اینڈ اسکول میں 80ویں یومِ آزادی کی پُروقار تقریب، طلبہ نے مختلف مقابلوں میں بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کیا
ننھے طلبہ و طالبات نے پورے جوش، اعتماد اور بہترین انداز میں اپنی صلاحیتوں کا مظاہرہ کیا، جس پر تقریب میں موجود حاضرین نے ان کی بھرپور حوصلہ افزائی کی۔
حیدرآباد: خدمتِ خلق کے لیے معروف الخیر سوسائٹی یاقوت پورہ کے زیرِ نگرانی سنگارینی کالونی، چمپاپیٹ، سعیدآباد میں قائم مدرسہ فیض القرآن اینڈ اسکول میں ہندوستان کے 80ویں یومِ آزادی کے موقع پر ایک پُروقار تقریب کا انعقاد عمل میں آیا۔ تقریب سے قبل اسکول کے احاطے میں قومی پرچم ترنگا لہرایا گیا، جس کے بعد طلبہ و طالبات نے مختلف تعلیمی، اصلاحی اور ثقافتی پروگرام پیش کیے۔
تقریب کا آغاز طلبہ کی جانب سے تلاوتِ کلامِ پاک اور اس کے اردو و انگریزی ترجمے سے ہوا۔ اس کے بعد نعتِ رسولِ مقبول ﷺ، مختصر اصلاحی تقاریر اور حب الوطنی پر مبنی ترانے پیش کیے گئے۔ طلبہ نے ’’سارے جہاں سے اچھا ہندوستان ہمارا‘‘ بھی پیش کیا۔
ننھے طلبہ و طالبات نے پورے جوش، اعتماد اور بہترین انداز میں اپنی صلاحیتوں کا مظاہرہ کیا، جس پر تقریب میں موجود حاضرین نے ان کی بھرپور حوصلہ افزائی کی۔
تقریب سے سینئر صحافی اور اردو نیوز اینکر محمد حسام الدین متین نے مہمانِ خصوصی کی حیثیت سے خطاب کیا۔ انہوں نے کہا کہ آزادی صرف غلامی سے نجات کا نام نہیں بلکہ اس کے ساتھ ایک بڑی ذمہ داری بھی وابستہ ہے۔ ملک کا مستقبل آج کے طلبہ کے ہاتھوں میں ہے، اس لیے طلبہ کو تعلیم کے ساتھ اچھے اخلاق، ایمانداری، نظم و ضبط، محنت، دوسروں کے احترام اور وطن کی خدمت کا جذبہ بھی پیدا کرنا چاہیے۔
انہوں نے کہا کہ ہندوستان کی اصل طاقت اس کی تنوع، اتحاد اور باہمی احترام میں ہے۔ طلبہ اپنی اچھی عادات، بہتر کردار اور مثبت سوچ کے ذریعے ملک کی ترقی اور تعمیر میں اہم کردار ادا کرسکتے ہیں۔
الخیر سوسائٹی یاقوت پورہ کے سکریٹری میر مقصود علی ہاشمی نے بھی طلبہ سے خطاب کرتے ہوئے ان کی حوصلہ افزائی کی۔ انہوں نے تعلیم کے ساتھ اخلاق و کردار کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ قوموں کی ترقی کا انحصار ایسی نسل کی تربیت پر ہوتا ہے جو باصلاحیت ہونے کے ساتھ ساتھ باکردار بھی ہو۔
اس موقع پر اسکول کے پرنسپل محمد شاہ نواز نے طلبہ کی تعلیمی اور غیر نصابی سرگرمیوں پر روشنی ڈالی اور اساتذہ کی محنت کو سراہا۔ انہوں نے طلبہ کو مزید محنت، لگن اور مستقل مزاجی کے ساتھ اپنی تعلیم جاری رکھنے اور مستقبل میں کامیابیاں حاصل کرنے کی تلقین کی۔
تقریب کے دوران طلبہ نے مختلف کھیلوں اور تعلیمی مقابلوں میں بھی اپنی صلاحیتوں کا مظاہرہ کیا۔ نمایاں کارکردگی پیش کرنے والے طلبہ میں صوفیہ، زویا، انعم، اذان، علینہ، مہک، ثانیہ، سمیہ، مسکان، عروش، ثناء، تحسین اور آسیہ کے علاوہ دیگر طلبہ شامل تھے۔ کامیاب طلبہ میں انعامات بھی تقسیم کیے گئے۔
تقریب میں اسکول کی اساتذہ فرحین، افرز، امرین، عائشہ، رخسار اور نہا کے علاوہ طلبہ کے والدین اور دیگر معززین بھی موجود تھے۔
طلبہ کی پُرجوش شرکت، حب الوطنی کے جذبے اور بہترین تعلیمی و ثقافتی پیشکشوں نے تقریب کو یادگار بنا دیا۔ پروگرام کے اختتام پر ملک کی ترقی، خوشحالی، امن، اتحاد اور عوام کی سلامتی کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا گیا۔