چینی وزیر خارجہ کے خلاف کانگریس کا احتجاج
چینی وزیر خارجہ قن گانگ کے دورہ ئ ہند کے خلاف یوتھ کانگریس ارکان نے آج یہاں احتجاج منظم کیا۔ وہ جی 20 میٹنگ میں شرکت کے لئے ہندوستان آئے ہوئے ہیں۔

نئی دہلی: چینی وزیر خارجہ قن گانگ کے دورہ ہند کے خلاف یوتھ کانگریس ارکان نے آج یہاں احتجاج منظم کیا۔ وہ جی 20 میٹنگ میں شرکت کے لئے ہندوستان آئے ہوئے ہیں۔
یوتھ کانگریس کے قومی صدر سرینواس بی وی نے کہا کہ چینی وزیر خارجہ قن گانگ کے لئے ہمارا پیام واضح ہے کہ چین کب ہندوستان کی مقدس سرزمین کا تخلیہ کرے گا جس پر چینی فوج نے زبردستی قبضہ کرلیا ہے۔
امن معاہدہ کو پس پشت ڈالتے ہوئے چین زبردستی ہماری سرحد میں گھس گیا۔ جب تک چین‘ہندوستانی اراضی کا تخلیہ نہیں کرتا ہمارا احتجاج جاری رہے گا۔ انہوں نے الزام عائد کیا کہ ایک جانب وزیراعظم نریندر مودی سرخ آنکھیں دکھانے کی بات کرتے ہیں اور دوسری جانب ان کے وزرا‘ چین کے آگے خودسپرد ہورہے ہیں لیکن ہندوستان نے اس سے پہلے کبھی کسی طاقت کے آگے خود سپردگی اختیار کی ہے اور نہ مستقبل میں کرے گا۔
علیحدہ اطلاع کے بموجب آل انڈیا مہیلا کانگریس کے ارکان نے دہلی میں وجئے چوک پر چینی وزیر خارجہ قن گانگ کے خلاف احتجاج کیا جو راشٹرپتی بھون میں جاری جی 20 اجلاس میں شرکت کے لئے دہلی آئے ہوئے ہیں۔ مہیلا کانگریس کی صدر نیتا ڈیسوزا نے احتجاج کی قیادت کرتے ہوئے کہا کہ ہم چین کی مخالفت کررہے ہیں کیونکہ اس نے ہمارے فوجیوں کو ہلاک کیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ چین کے ساتھ کوئی بات چیت نہیں کی جانی چاہئے کیونکہ اس نے ہندوستانی فوجیوں کی گلوان اور ڈوکلم میں توہین کی ہے۔ ڈیسوزا نے کہا کہ قن گانگ کا ہندوستان میں گرمجوشانہ استقبال فوج کی توہین ہے اور یہ احتجاج اس لئے منظم کیا گیا ہے تاکہ بہری حکومت کو اس بات سے واقف کرایا جاسکے۔ احتجاجیوں کو وجئے چوک پر روکا گیا اور حراست میں لے لیا گیا۔
جی 20 وزرائے خارجہ کی میٹنگ میں مجموعی طورپر 40 ممالک کے وفود حصہ لے رہے ہیں۔ اس میٹنگ سے قبل قن گانگ نے کہا تھا کہ چین‘ ہندوستان کے ساتھ اپنے تعلقات کو اہمیت دیتا ہے اور دونوں ملکوں کے درمیان مضبوط تعلقات دونوں ملکوں اور ان کے عوام کے لئے بنیادی دلچسپی کے حامل ہیں۔