تلنگانہ

کے سی آر کیخلاف کارروائی کی جائے: ریونت ریڈی

تلنگانہ پردیش کانگریس کے صدر اے ریونت ریڈی نے چہارشنبہ کے روز مرکزی حکومت سے کہاکہ وہ کالیشورم پراجکٹ پر محض بیان بازی کا سلسلہ بند کرے اور اس سلسلہ میں چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ کے خلاف فوری اثر کے ساتھ کارروائی کرے۔

حیدرآباد: تلنگانہ پردیش کانگریس کے صدر اے ریونت ریڈی نے چہارشنبہ کے روز مرکزی حکومت سے کہاکہ وہ کالیشورم پراجکٹ پر محض بیان بازی کا سلسلہ بند کرے اور اس سلسلہ میں چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ کے خلاف فوری اثر کے ساتھ کارروائی کرے۔

مرکزی وزیر آبی وسائل گجیندر سنگھ شیخاوت کے اعلان‘ جس میں سنگھ نے یہ کہا تھا کہ غلط ڈیزائن اور انجینئرنگ خامیوں میں کالیشورم پراجکٹ تعمیر کیاگیا ہے‘ کے ایک دن بعد اے ریونت ریڈی نے مرکزی وزیر آبی وسائل سے پوچھا کہ آخر کیا بات ہے کہ حقائق کے باوجود مرکز‘ چیف منسٹر کے سی آر کے خلاف کوئی کارروائی نہیں کررہا ہے؟۔

کانگریس قائد نے شیخاوت کے بیان پر ٹوئٹر پر ندارد عمل کا اظہار کرتے ہوئے کہاکہ ”کالیشورم پراجکٹ“ کے چندر شیکھر راؤ کے لئے اے ٹی ایم بن گیا ہے“۔ یہ سچ ہے۔ کمیشن کے لئے کے سی آر نے کالیشورم پراجکٹ تعمیر کرایاہے۔ یہ سچ ہے!۔ غلط ڈیزائن کی وجہ سے کالیشورم زیر آب آگیا ہے یہ بھی سچ ہے!۔

ان تمام حقائق کے باوجود آپ (مرکز) کے سی آر کی لوٹ مار اور کرپشن کے خلاف کارروائی کیوں نہیں کررہے ہیں‘ جبکہ یہ ناقابل تردید حقیقت ہے۔ ریونت ریڈی نے ٹوئٹر پر تحریر کرتے ہوئے یہ بات کہی جو حلقہ لوک سبھا ملکاجگری کے رکن پارلیمنٹ بھی ہیں۔

کانگریس کے صدر پردیش نے مرکزی وزیر پر زور دیا کہ وہ محض بیانات نہ دیں بلکہ سخت کارروائی شروع کریں۔ یادادری میں منگل کے روز بی جے پی کی جانب سے منعقدہ ایک جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے مرکزی وزیر شیخاوت نے کہاتھا کہ غلط ڈیزائن کے تحت کالیشورم پراجکٹ تعمیر کیاگیا‘ اجازت ناموں کے بغیر یہ پراجکٹ تعمیر کیاگیا‘ ان میں ماحولیاتی کلیئرنس بھی شامل نہیں ہے۔ کے سی آر نے مرکز سے کالیشورم پراجکٹ کو قومی موقف دینے کا مطالبہ کیاتھا۔