جرائم و حادثات

بہار کے اشوک دھام مندر میں بھگدڑ، کم از کم 7 افراد ہلاک، متعدد زخمی

ابتدائی اطلاعات کے مطابق رات کے وقت بجلی کا ایک کھمبا تاروں سمیت سڑک پر گر گیا تھا۔ پیر کی صبح یہ افواہ پھیل گئی کہ گرے ہوئے کھمبے میں بجلی کا کرنٹ جاری ہے، جس سے عقیدت مندوں میں خوف و ہراس پھیل گیا اور بھگدڑ مچ گئی۔

پٹنہ: بہار کے لکھی سرائے میں واقع مشہور اشوک دھام مندر میں پیر کی صبح مچی بھگدڑ میں کم از کم 7 عقیدت مند ہلاک اور ایک درجن سے زائد دیگر زخمی ہو گئے۔ خدشہ ہے کہ ہلاکتوں کی تعداد میں اضافہ ہو سکتا ہے۔

اطلاعات کے مطابق یہ واقعہ اشوک دھام ریلوے اسٹیشن سے مندر کی جانب جانے والے راستے پر پیش آیا۔

ابتدائی اطلاعات کے مطابق رات کے وقت بجلی کا ایک کھمبا تاروں سمیت سڑک پر گر گیا تھا۔ پیر کی صبح یہ افواہ پھیل گئی کہ گرے ہوئے کھمبے میں بجلی کا کرنٹ جاری ہے، جس سے عقیدت مندوں میں خوف و ہراس پھیل گیا اور بھگدڑ مچ گئی۔

واقعے کی اطلاع ملتے ہی پولیس اور انتظامیہ کے افسران موقع پر پہنچ گئے۔ زخمیوں کو علاج کے لیے اسپتال پہنچانے کی کوششیں بھی شروع کر دی گئیں۔

وزیراعلیٰ سمراٹ چودھری نے ایکس پر ایک پوسٹ میں کہا کہ لکھی سرائے کے اشوک دھام میں پیش آنے والا واقعہ ’’انتہائی افسوسناک اور دل دہلا دینے والا‘‘ ہے۔

انہوں نے مزید کہا، ’’حادثے میں عقیدت مندوں کے جاں بحق ہونے کی خبر سے مجھے گہرا صدمہ پہنچا ہے۔ میری دلی تعزیت سوگوار خاندانوں کے ساتھ ہے۔ انتظامیہ کو ہدایت دی گئی ہے کہ زخمیوں کا مناسب اور فوری علاج یقینی بنایا جائے۔ انہوں نے مرنے والوں اور زخمیوں کی جلد صحت یابی کے لئے پراتھنا کی۔