حیدرآباد

ایم پی کے وینکٹ ریڈی کیخلاف میں نے کچھ نہیں کہا: ریونت ریڈی

ریونت ریڈی نے کہاکہ میں نے صرف وینکٹ ریڈی کے بھائی کہاتھا۔ریونت ریڈی نے کومٹ ریڈی وینکٹ ریڈی ایم پی سے خواہش کی کہ وہ چندافراد کی جانب سے پھیلائی جانے والی افواہوں پر یقین نہ کریں۔

حیدرآباد: تلنگانہ پردیش کانگریس کمیٹی کے سربراہ اے ریونت ریڈی نے جمعہ کے روز وضاحت کی کہ انہوں نے پارٹی کے رکن پارلیمنٹ کومٹ ریڈی وینکٹ ریڈی کے خلاف کوئی تبصرہ نہیں کیاہے۔کومٹ ریڈی وینکٹ ریڈی کے اعتراض پر ریونت ریڈی کی یہ وضاحت سامنے آئی ہے۔

کانگریس کے رکن پارلیمنٹ نے کہاکہ ان کے بھائی راجگوپال ریڈی کے پارٹی سے استعفیٰ کے بعد ردعمل کے طورپرصدرپردیش کانگریس نے میرے خلاف ریمارکس کئے تھے۔

وینکٹ ریڈی نے صدرٹی پی سی سی کے ریمارکس پر شدید ردعمل کا اظہار کیا تھا اس سلسلہ میں انہوں نے ریونت ریڈی سے معذرت خواہی کا مطالبہ کیا تھا۔ دریں اثناء صدرپردیش کانگریس ریونت ریڈی نے وضاحت کی کہ انہوں نے اپنے ریمارکس میں وینکٹ ریڈی کا نام تک نہیں لیا تھا۔

انہوں نے کہاکہ چند افراد جان بوجھ کرہم دونوں میں اختلافات پیدا کرنے کی کوشش کررہے ہیں۔ راجگوپال ریڈی نے کانگریس پارٹی کے خلاف علم بغاوت بلندکیاجبکہ وینکٹ ریڈی بدستورکانگریس پارٹی کے استحکام میں مصروف ہیں۔یہ دونوں مختلف عوام ہیں۔

 انہوں نے کہاکہ میں نے صرف وینکٹ ریڈی کے بھائی کہاتھا۔ریونت ریڈی نے کومٹ ریڈی وینکٹ ریڈی ایم پی سے خواہش کی کہ وہ چندافراد کی جانب سے پھیلائی جانے والی افواہوں پر یقین نہ کریں۔

 راجگوپال ریڈی نے منگل کے روز کانگریس اوراسمبلی کی رکنیت سے استعفیٰ دے دیا تھا۔ راجگوپال ریڈی کے استعفیٰ کے بعد ریونت ریڈی نے باغی رکن اسمبلی کو شدید تنقید کا نشانہ بنایا اور انہیں (راجگوپال ریڈی) کوغدار قرار دیا تھا۔ان کے اس ریمارک پر راجگوپال ریڈی نے جوابی وار کرتے ہوئے ریونت ریڈی کو ”بلیک میلر“قراردیاتھا۔