انٹرٹینمنٹ

جاوید اختر، مجسٹریٹ کے سمن کے خلاف سیشن عدالت سے رجوع

جاوید اختر اداکارہ کنگنا رناؤت کے کیس میں مجسٹریٹ کی جانب سے ان کے خلاف جاری کردہ سمنوں کے خلاف سیشن عدالت سے رجوع ہوئے اور دعویٰ کیا کہ یہ احکام جلد بازی میں اور نامناسب انداز میں صادر کیے گئے جو انصاف کے سراسر مغائر ہے۔

ممبئی: سینئر نغمہ نگار جاوید اختر اداکارہ کنگنا رناؤت کے کیس میں مجسٹریٹ کی جانب سے ان کے خلاف جاری کردہ سمنوں کے خلاف سیشن عدالت سے رجوع ہوئے اور دعویٰ کیا کہ یہ احکام جلد بازی میں اور نامناسب انداز میں صادر کیے گئے جو انصاف کے سراسر مغائر ہے۔

اختر نے دندوشی کی سیشن عدالت میں نظر ثانی پٹیشن داخل کی اور معاملے کی سماعت 8اگست کو ہوگی۔ میٹروپولیٹن مجسٹریٹ (اندھیری کورٹ) آر ایم شیخ نے 24/ جولائی کو اختر کے خلاف سمن جاری کرتے ہوئے انہیں 5/ اگست کو عدالت میں حاضر ہونے کی ہدایت دی تھی۔

مجسٹریٹ نے اختر کے خلاف جبری وصولی کے الزامات رد کردیے مگر کہا کہ مجرمانہ دھمکی کے لیے ان کے خلاف کارروائی کرنے کافی بنیاد موجود ہے۔

اختر نے اپنے وکیل جئے بھردواج کے ذریعہ داخل کردہ درخواست میں یہ دعویٰ بھی کیا کہ بادی النظر میں عدالت میں ایسا کوئی ریکارڈ نہیں جو یہ ظاہر کرے کہ قابل اعتراض احکام صادر کرنے والے مجسٹریٹ کے پاس کافی مواد دستیاب ہے۔“

واضح رہے کہ 76 سالہ اختر نے 2020ء میں شکایت داخل کرتے ہوئے دعویٰ کیا کہ رناؤت نے ان کے خلاف ٹیلی ویژن انٹرویو میں اہانت آمیز بیانات دیے جس سے ان کی شبیہہ کو نقصان پہنچا۔ بعد ازاں رناؤت نے بھی اسی عدالت میں اختر کے خلاف مبینہ جبری وصولی اور مجرمانہ دھمکی کے لیے جوابی شکایت داخل کی۔

a3w
a3w