شمالی بھارت

بھارت جوڑو یاترا روکنے حکومت بہانے بنارہی ہے : راہول گاندھی

مرکزی وزیر صحت من سکھ منڈاویہ کی جانب سے انہیں مکتوب روانہ کئے جانے اور یہ بتائے جانے پر کہ اگر کووِڈ پروٹوکول پر عمل نہیں کیا جاسکتا تو یاترا کو روکنے پر غور کیا جائے۔

نوح (ہریانہ): کانگریس قائد راہول گاندھی نے آج کہا کہ حکومت‘ بھارت جوڑو یاترا کو روکنے کے لئے بہانے بنارہی ہے۔ مرکزی وزیر صحت من سکھ منڈاویہ کی جانب سے انہیں مکتوب روانہ کئے جانے اور یہ بتائے جانے پر کہ اگر کووِڈ پروٹوکول پر عمل نہیں کیا جاسکتا تو یاترا کو روکنے پر غور کیا جائے‘ راہول گاندھی نے یہ بات کہی ہے۔

انہوں نے ہریانہ کے ضلع نوح میں موضع گھسیرا میں جلسہ سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ یہ یاترا کشمیر جائے گی۔ اب ان لوگوں نے ایک نئی ترکیب سوچی ہے۔ انہوں نے مجھے خط لکھا ہے کہ کووِڈ پھیل رہا ہے اور یاترا کو روک دیا جائے۔ بھارت جوڑو یاترا ان کی قیادت میں چہارشنبہ کے روز نوح میں داخل ہوئی۔

راہول نے کہا کہ اب وہ لوگ یاترا کو روکنے کے لئے بہانے بنارہے ہیں۔ ماسک پہنیں‘ یاترا کو روکیں‘ کووِڈ پھیل رہا ہے‘ یہ سب بہانے ہیں۔ مرکز اورہریانہ میں برسراقتدار بی جے پی کو نشانہ بناتے ہوئے راہول گاندھی نے کہا کہ وہ سچائی سے خوفزدہ ہے۔

انہوں نے کہا کہ ہندوستان کی شکتی سے اور ہندوستان کی سچائی سے یہ لوگ ڈر گئے ہیں۔ یہ سچائی ہے۔ راہول گاندھی نے یہ بھی کہا کہ ہم آر ایس ایس اور نریندر مودی کا نفرت سے بھرا ہندوستان نہیں چاہتے۔

انہوں نے کہا کہ بھارت جوڑو یاترا زائداز100 دن سے جاری ہے اور اس میں تمام مذاہب بشمول ہندوؤں‘ مسلمانوں‘ سکھوں اور عیسائیوں مردو خواتین بچوں نے حصہ لیا ہے۔

اس میں اب تک لاکھوں افراد نے حصہ لیا ہے لیکن کسی نے یہ نہیں پوچھا کہ ان کا مذہب کیا ہے‘ وہ کونسی زبان بولتے ہیں یا پھر وہ کہاں سے آئے ہیں۔ اس یاترا میں 24 گھنٹے لوگ ایک دوسرے کا احترام کرتے ہیں اور انہوں نے ایک دوسرے کو گلے لگاکر محبت کا پیام پھیلایا ہے۔

a3w
a3w