تلنگانہ

تلنگانہ میں کووڈ کی بوسٹر خوراک کی فراہمی کا آغاز

کورونا کیسس میں اضافہ کے پیش نظر احتیاطی تدابیر کے تحت حکومت تلنگانہ نے آج سے ریاست میں بوسٹر خوراک دینے کا آغاز کیا ہے۔ ریاستی حکومت نے کووڈ کے5لاکھ بوسٹر خوراک کا نظم کیا ہے۔

حیدرآباد: کورونا کیسس میں اضافہ کے پیش نظر احتیاطی تدابیر کے تحت حکومت تلنگانہ نے آج سے ریاست میں بوسٹر خوراک دینے کا آغاز کیا ہے۔ ریاستی حکومت نے کووڈ کے5لاکھ بوسٹر خوراک کا نظم کیا ہے۔

ان ٹیکوں ”Corbevax“ کو حیدرآباد کی بائیو لوجیکل۔ ای نے تیار کیا ہے۔ بی آر ایس حکومت نے تمام اہل شہریوں کو بوسٹر خوراک دینے کیلئے بڑے پیمانے پر انتظامات کئے ہیں یہ بوسٹر خوراک، سرکاری کووڈویکسین مراکز جیسے پرائمری ہیلت سنٹرس، اربن پرائمری ہیلت سنٹرس میں دئیے جائیں گے۔

ڈائرکٹر پبلک ہیلت تلنگانہ جی سرینواس راؤ نے کہا کہ دنیا کے مختلف ممالک کے ساتھ ملک کی چند ریاستوں میں کووڈ کے بڑھتے کیسس کو مدنظر رکھتے ہوئے ریاست کے تمام اہل شہریوں کو بوسٹر خوراک دینے کا فیصلہ کیا گیا۔

کاربیواکس (Corbevax) ان استفادہ کنندگان کو دیئے جائیں گے جنہوں نے کوووی شیلڈ یا کوویکسین کی دونوں خوراکیں حاصل کی ہیں۔ کاربیواکس ویکسین صرف احتیاط کے طور پر دیا جارہا ہے۔ مرکزی حکومت نے پہلے ہی کاربیواکس کی منظوری دے دی ہے۔ ڈائرکٹر پبلک ہیلت جی سرینواس نے عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ موقع سے استفادہ کرتے ہوئے بوسٹر خوراک حاصل کریں۔

ریاستی حکومت نے گزشتہ ماہ مرکز کو ایک مکتوب روانہ کرتے ہوئے اضافی بوسٹر خوراکیں ریاست کو فراہم کرنے پر زور دیا تھا جس پر مرکزی وزارت صحت عامہ نے ریاستوں کو کھلے بازار سے کووڈ ویکسین یا بوسٹر خوراک خرید نے کا مشورہ دیا۔

مرکز کے اس مشورہ کے بعد ریاستی حکومت نے ریاست میں ٹیکہ اندازی مہم کو بحال کرنے کیلئے حیدرآباد کی بائیو لوجیکل۔ ای سے 15لاکھ بوسٹر خوراک خرید نے کا فیصلہ کیا ہے۔ ریاست تلنگانہ میں گذشتہ چند دنوں سے کووڈ معاملوں میں اضافہ ہوا ہے۔ گذشتہ ایک ہفتہ کے دوران یومیہ کیسس کی تعداد دگنی ہوگئی ہے۔ منگل کے روز ریاست میں کووڈ کے 52نئے کیس سامنے آئے تھے۔