مشرق وسطیٰ

جاریہ سال غلاف کعبہ کی تبدیلی یکم محرم کو ہوگی

دنیا بھر کے مسلمان خانہ کعبہ سے غیر معمولی عقیدت رکھتے ہیں۔ سعودی قیادت اس بات کو پسندیدگی کی نظر سے دیکھتی ہے۔حرمین شریفین انتظامیہ کے سربراہ اعلی نے کہا کہ’حرم شریف اور اس کے زائرین کا اعزاز و اکرام سعودی عرب کا فخر ہے۔

مکہ مکرمہ: سعودی حکومت کا کہنا ہے کہ غلاف کعبہ اس بار 10 ذہ الحج کے موقعہ پر نہیں بلکہ یکم محرم کو تبدیل کیا جائے گا، خادم الحرمین الشریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز کی جانب سے بھی شاہی فرمان جاری کر دیا گیا ہے۔

غلاف کعبہ کی تبدیلی کا عمل گزشتہ کئی دہائیوں سے حج کے موقعہ پر کیا جاتا ہے تاہم رواں برس اس روایت کو تبدیل کیا جا رہا ہے اور غلاف کعبہ کو اب یکم محرم کو تبدیل کیا جائے گا۔سعودی عرب میں اس سال غلاف کعبہ عید الاضحی کے روز کلید برداروں کے سربراہ کے حوالے کیا جائے گا اور یکم محرم 1444ھ کو نیا غلاف چڑھایا جائے گا۔

ڈاکٹرعبدالرحمان السدیس نے کہا کہ سعودی قیادت کی ہمیشہ کوشش رہتی ہے کہ مسجد الحرام اور مسجد نبویؐ کے حوالے سے خدمات کا معیار بلند سے بلند تر ہوتا رہے۔ سعودی قیادت خانہ کعبہ سے خاص عقیدت رکھتی ہے۔اسی تناظر میں غلاف کعبہ کی تیاری، پرانے غلاف میں ترمیم، مرمت، تزئین اور پرانا غلاف اتار کر نیا غلاف کعبہ لگانے کا اہتمام کیا جاتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ دنیا بھر کے مسلمان خانہ کعبہ سے غیر معمولی عقیدت رکھتے ہیں۔ سعودی قیادت اس بات کو پسندیدگی کی نظر سے دیکھتی ہے۔حرمین شریفین انتظامیہ کے سربراہ اعلی نے کہا کہ’حرم شریف اور اس کے زائرین کا اعزاز و اکرام سعودی عرب کا فخر ہے۔

علحدہ موصولہ اطلاع کے بموجب  رواں سال عازمین حج کی بڑی تعداد کے پیش نظر غلاف کعبہ یکم محرم الحرام کو تبدیل کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔دوسری جانب حج سیکورٹی کے کمانڈر نے میڈیا بریفنگ میں کہا کہ حج کے دوران نظم وضبط کو یقینی بنانے اورکسی بھی ناخوشگوار صورتحال سے بچنے کے لئے مقامات مقدسہ میں سیکورٹی فورسس نے سیکورٹی حصارقائم کردیا ہے۔

 قوانین کی خلاف ورزی کرنے والوں کیخلاف کارروائی کی جائے گی۔سعودی عرب میں سہولیات اور تنصیبات کی سیکیورٹی کے ذمہ دار ادارے کے سربراہ میجر جنرل عبداللہ بن سعد العتیبی نے سال 1443ھ کے حج سیزن کے دوران سیکیورٹی فورسز کی قیادت کی طرف سے انہیں سونپے گئے کاموں کو انجام دینے کے لیے تیاری اور انتظامات مکمل کرنے کا اعلان کیا ہے۔

ایک بیان میں میجر جنرل عبداللہ بن سعد العتیبی نے کہا کہ سہولیات اور تنصیبات کی سیکیورٹی کے ذمہ دار ادارے دوسرے سیکیورٹی اداروں کے ساتھ مل کر حج کے موقعے پرعازمین حج کو فول پروف سیکیورٹی فراہم کرنے کیلیے تمام اقدامات مکمل کرلیے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ سیکیورٹی فورسز عازمین حج کی نقل وحرکت، ھجوم کو کنٹرول کرنے، مسجد حرام کے اندرونی اور بیرونی احاطے میں عازمین حج کو سیکیورٹی فراہم کرنے،سڑکوں پرموجود عازمین حج کی مدد کرنے، اور حج کے دوران کسی بھی نوعیت کے قانون کی خلاف ورزی کرنے پر کڑی نظر رکھی جائے گی۔

سہولیات سیکیورٹی فورسز کے کمانڈر نے عازمین کی حفاظت کے حوالے سے وزارت داخلہ کے قائم کردہ باقاعدہ طریقہ کار کے مطابق اور حج سیکیورٹی فورسز کی قیادت کی طرف سے پیروی کرتے ہوئے حجاج کی حفاظت کے عزم پر زور دیا۔