حیدرآباد

دو بیٹیوں کے ساتھ خودکشی کا کیس: شوہر کو عمر قید

آصف نگر پولیس نے اس واقعہ میں شوہر محمد نواز، اس کی ساس رضیہ بیگم، والد ابراہیم اور معشوقہ خاتون رئیسا کو گرفتار کرلیا تھا۔

حیدرآباد: مقامی عدالت نے 4 ملزمین کو عمر قید کی سزاء سنائی۔ ایک خاتون، اپنی بیٹیوں کے ساتھ خودکشی کرلی تھی۔ یہ واقعہ آصف نگر، جھرہ میں 2014ء میں پیش آیا تھا۔

پولیس کے بموجب 22 سالہ خاتون شانور کی شادی محمد نواز کے ساتھ 2011ء میں ہوئی تھی، خاتون کو 2 بیٹیاں 3 سالہ افشین اور 5 ماہ کی زوبیہ تھیں۔

شادی کے وقت لڑکی کے سرپرستوں نے نواز کو 1.5 لاکھ روپئے نقد، موٹر سائیکل، 6 تولے طلائی زیورات، فرنیچر اور دیگر اشیاء دیئے تھے۔ شادی کے بعد مزید جہیز کا مطالبہ مذکورہ خاتون کے سسرال کی جانب سے کیا جارہا تھا۔

مذکورہ خاتون کو مسلسل ہراساں کیا جارہا تھا۔ شوہر کے ناجائز تعلقات کسی شادی شدہ خاتون کے ساتھ تھے۔ مایوسی کے عالم میں مذکورہ خاتون نے اپنے مکان کے پانی کے سمپ میں اپنی 2 بیٹیوں کے ساتھ 4دسمبر 2014ء کو خودکشی کرلی تھی۔

ڈی سی پی ویسٹ زون ڈی جوئل ڈیویس نے آج میڈیا سے مخاطب کرتے ہوئے یہ تفصیل بتائی۔

آصف نگر پولیس نے اس واقعہ میں شوہر محمد نواز، اس کی ساس رضیہ بیگم، والد ابراہیم اور معشوقہ خاتون رئیسا کو گرفتار کرلیا تھا۔ عدالت میں چارج شیٹ داخل کی گئی تھی جس پر عدالت نے آج ان ملزمین کے خلاف عمر قید کی سزاء اور جرمانہ کا فیصلہ سنایا۔