حیدرآباد

ایم ایل ایز خریدی معاملہ، ملزمین کیخلاف پولیس تحقیقات پر ہائیکورٹ نے روک لگادی

رایس اراکین اسمبلی کو خریدنے کے متعلق بی جے پی کی جانب سے داخل کردہ عرضی پر ہائی کورٹ کی جانب سے حکم التواء جاری کیا گیا اور پولیس کو اس سنسنی خیز کیس کی تحقیقات کو فوری روک دینے کے لئے ہدایت جاری کی گئی۔

حیدرآباد: ٹی آ رایس اراکین اسمبلی کو خریدنے کے متعلق بی جے پی کی جانب سے داخل کردہ عرضی پر ہائی کورٹ کی جانب سے حکم التواء جاری کیا گیا اور پولیس کو اس سنسنی خیز کیس کی  تحقیقات کو فوری روک دینے کے لئے ہدایت جاری کی گئی۔ 8مدعی علیہان کو نوٹس جاری کرتے ہوئے حکومت تلنگانہ کو جوابی حلفنامہ داخل کرنے کی ہدایت دی گئی۔

 منگوڈ ضمنی انتخاب کے بعد مقدمہ کی آئندہ سماعت منعقد کرنے کا فیصلہ کرتے ہوئے آئندہ سماعت 4 نومبر کو مقرر کی گئی۔ دوسری طرف تین ملزمین کو ریمانڈ پر دینے کے تعلق سے سائبر آباد پولیس کی جانب سے آج داخل کردہ نظر ثانی پٹیشن کورٹ نے سماعت کیلئے قبول کرلیا۔

 حکومت کی اپیل پر غور کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔ عدالت نے ملزمین کو مجسٹریٹ کے روبرو پیش کرنے کی ہدایت دی گئی۔ جس کے بعد امکان ہے کہ پولیس ملزمین کو دوبارہ حراست میں لے گی اور توقع ہے کہ اے سی بی خصوصی عدالت کے روبرو پیش کیا جائے گا۔

آئی اے این ایس کے بموجب کیاش فار ایم ایل اے سنسنی خیز کیس میں آج ایک اہم پیشرفت کے دوران تلنگانہ ہائی کورٹ نے تحت کی ایک عدالت کے احکام کو مسترد کرتے ہوئے ہفتہ کے روز اس کیس کے تین ملزموں کو ہدایت دی کہ وہ اندرون24گھنٹے، خود کو سائبر آبادپولیس کے حوالے کردیں۔

قبل ازیں شہر کی سرور نگر کی اے سی پی خصوصی عدالت کے جج نے ارکان اسمبلی کو خریدنے کی کوشش کے ایک کیس میں ماخوذ تین اہم ملزموں کو جو بی جے پی سے مبینہ طور پر تعلق رکھتے ہیں عدالتی تحویل میں دینے سے انکار کردیا تھا۔

 تحت کی عدالت کی رولنگ کے خلاف سائبر آباد پولیس، ہائی کورٹ سے رجوع ہوئی تھی۔ جہاں آج عدالت العالیہ نے پولیس عرضی کی سماعت کرتے ہوئے اے سی بی جج کے احکام کو خارج کردیا اور اس سنسنی خیز کیس کے اہم تین ملزموں کو اندرون 24 گھنٹے سائبر آباد پولیس کے حوالے کرنے کا حکم دیا۔

ہائی کورٹ نے تحت کی عدالت کو حکم دیا کہ اگر پولیس، دوبارہ ملزمین کو مجسٹریٹ کے اجلاس پر پیش کرتی ہے تو وہ، ان ملزمین کو عدالتی تحویل میں بھیج دے۔ جسٹس چککور سومالتا نے سائبر آباد پولیس کی مجرمانہ نظرثانی درخواست پر یہ تازہ احکام جاری کئے۔

پولیس نے اپنی درخواست میں عدالت العالیہ سے تحت کی عدالت کے احکام کو منسوخ کرنے کی اپیل کی جس میں اے سی بی جج نے اپنے احکام میں ملزمین کو تحویل میں دینے سے انکار کردیا تھا۔

پولیس نے جمعرات کی شب ملزمین کو فرسٹ کلاس ایڈیشنل خصوصی جج اے سی بی عدالت کے اجلاس میں پیش کیا تھا۔ پولیس نے خصوصی جج کے احکام کو ہائی کورٹ میں چالنج کیا تھا۔