گیان واپی ملکیت مقدمہ‘ انجمن مساجد کمیٹی کی درخواست مسترد
درخواست میں التجا کی گئی ہے کہ پورے گیان واپی کامپلکس کا قبضہ ہندوؤں کو دے دیا جائے اور مدعیان کو سویمبھو جیوتر لنگ بھگوان وشویشور کی پوجا کرنے اور مسجد کے احاطہ میں 16 مئی کو مبینہ طورپر پائے گئے شیولنگ کی پوجا کرنے کی اجازت دی جائے۔
وارانسی (اترپردیش): ایک عدالت نے آج یہاں انجمن مساجد کمیٹی کی درخواست مسترد کردی جس کے ذریعہ ملکیت کے مقدمہ کو قبول کرنے کے جواز کو چیلنج کیا گیا تھا۔ اس مقدمہ کے ذریعہ گیان واپی مسجد کی عمارت کو لارڈ وشویشور براجمان اور دیگر کے حوالہ کردینے کی گزارش کی گئی تھی۔
سیول جج(سینئر ڈیویژن) مہندر کمار پانڈے کی فاسٹ ٹریک عدالت نے درخواست کو مسترد کرتے ہوئے اس کیس کی مزید سماعت 2 دسمبر کو مقرر کی۔ عدالت نے 27 اکتوبر کو اس معاملہ میں اپنا فیصلہ محفوظ کردیا تھا۔
یہاں یہ تذکرہ مناسب ہوگا کہ ملکیت کے مقدمہ میں درخواست لارڈ وشویشور براجمان (سویمبھو) نے اپنے دوست کرن سنگھ کے ذریعہ داخل کی ہے جو وشواویدک سناتن سنگھ (وی وی ایس ایس) کے بین الاقوامی جنرل سکریٹری ہیں۔
درخواست میں التجا کی گئی ہے کہ پورے گیان واپی کامپلکس کا قبضہ ہندوؤں کو دے دیا جائے اور مدعیان کو سویمبھو جیوتر لنگ بھگوان وشویشور کی پوجا کرنے اور مسجد کے احاطہ میں 16 مئی کو مبینہ طورپر پائے گئے شیولنگ کی پوجا کرنے کی اجازت دی جائے۔
یہاں یہ بات قابل ِ ذکر ہے کہ یہ مقدمہ وارانسی کی عدالت میں 5 ہندو خواتین کی جانب سے داخل کی گئی درخواست سے منسلک نہیں بلکہ علیحدہ ہے۔