سوشیل میڈیاشمالی بھارت

ویڈیو: مدھیہ پردیش کے گوٹ مار میلہ میں 200 افراد زخمی

مدھیہ پردیش کے ضلع چھندواڑہ میں دریائے جام کے کنارے 2مواضعات کے درمیان سنگباری کی صدیوں پرانی رسم کی ادائیگی کے دوران کم ازکم 200افراد زخمی ہوگئے۔

بھوپال: مدھیہ پردیش کے ضلع چھندواڑہ میں دریائے جام کے کنارے 2مواضعات کے درمیان سنگباری کی صدیوں پرانی رسم کی ادائیگی کے دوران کم ازکم 200افراد زخمی ہوگئے۔

خبر ہے کہ زخمیوں کا علاج مہاراشٹرا کے ناگپور میں چل رہا ہے جہاں 6افراد کی حالت نازک بتائی جاتی ہے۔ مقامی سطح پر گوٹ مار میلہ کہلانے والا یہ میلہ ہرسال ہوتا ہے اور ہرسال سینکڑوں لوگ اس میں حصہ لیتے ہیں اور زخمی ہوتے ہیں۔

سالانہ گوٹ مار میلہ ہندی مہینہ بھدراپاڑہ کی سینچری اماواس کو ہوتا ہے۔ دریاکے دونوں جانب واقع مواضعات کے لوگ اس میں بڑے جوش وخروش سے حصہ لیتے ہیں۔ یہ 500 سال پرانی روایت ہے۔

اس موقع پر ضلع نظم ونسق تعطیل کا اعلان کرتا ہے۔شراب کی دکانیں تک بند رکھی جاتی ہیں۔ حیرت کی بات یہ ہے کہ پولیس کی بھاری فورس کی موجودگی میں سنگباری ہوتی ہے۔ پولیس خاموش تماشائی بنی رہتی ہے کیونکہ اسے مداخلت کرنانہیں ہوتا۔

1955 سے12 سے زائد جانیں جاچکی ہیں۔ 2020 میں کم ازکم 100 اور2021 میں 250 افراد زخمی ہوئے تھے۔ 1978 اور1987 میں پولیس کو فائرنگ کرنی پڑی تھی کیونکہ ہجوم نے پولیس پر بھی حملہ کردیاتھا۔

ہرسال ضلع انتظامیہ میلہ کے مقام کے قریب ڈاکٹروں کی ٹیم اور نیم طبی عملہ کو تیار رکھتی ہے تاکہ زخمیوں کا فوری علاج ہو۔