طیارہ کی کراچی میں ایمرجنسی لینڈنگ، تمام مسافرین محفوظ طورپر حیدرآباد واپس

پائلٹ نے اس طیارہ میں تکنیکی خرابی محسوس کی اورکراچی کے ایرپورٹ پر ایمرجنسی لینڈنگ کی تھی۔اس واقعہ کے بعد ایرلائن نے دوسرے طیارہ کو کراچی بھیجا جہاں سے یہ تمام مسافراتوار کی شب حیدرآباد واپس ہوگئے۔

حیدرآباد: شارجہ سے حیدرآباد آنے والے انڈیگو کے طیارہ جس کے رخ کو کراچی موڑدیاگیا تھا،کے مسافرین کل شب دوسری فلائٹ کے ذریعہ محفوظ طورپر تلنگانہ کے دارالحکومت پہنچے۔ پائلٹ نے اس طیارہ میں تکنیکی خرابی محسوس کی اورکراچی کے ایرپورٹ پر ایمرجنسی لینڈنگ کی تھی۔

اس واقعہ کے بعد ایرلائن نے دوسرے طیارہ کو کراچی بھیجا جہاں سے یہ تمام مسافراتوار کی شب حیدرآباد واپس ہوگئے۔ اسی فلائٹ میں دبئی سے آئے ایک مسافر انصاری نے میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہاکہ فضا میں طیارہ میں جھٹکے محسوس ہوئے جس کے بعد پائلٹ نے یہ اعلان کیا کہ طیارہ کی ایمرجنسی لینڈنگ فنی خرابی کی وجہ سے کراچی ایرپورٹ پر کی جارہی ہے۔اس طیارہ میں 125مسافرین تھے۔

 کراچی ایئرپورٹ پر طیارے کی ایمرجنسی لینڈنگ کے بعد مسافر تقریباً 8 گھنٹے تک رن وے پر طیارے میں ہی رہے۔ انہوں نے محفوظ طورپر حیدرآباد واپسی پر مسرت کا اظہار کیا، ان کا کہنا تھا کہ دوسری پرواز کی تیاری میں وقت لگا۔طیارہ میں کئی افراد بیمار تھے۔ حکومت ہند کے نمائندوں نے حکومت پاکستان سے بات کی۔ایک مسافر نے کہاکہ ان کو ایرپورٹ کے اندر واقع ہوٹل لے جایاگیا اور ان کی مہمان نوازی کی گئی۔