حیدرآباد

چند لمحوں میں خوفناک منظر!حیدرآباد میں غبارے بھرنے والا گیس سلنڈر اچانک پھٹ پڑا، نوجوان کی ٹانگ الگ، 3 افراد زخمی

زخمی ہونے والوں میں مولاگانی جناردھن، 16 سالہ نندیال دھنوش اور 25 سالہ وِنّاکوٹا سندھو پریا شامل ہیں۔ دھنوش سری چیتنیہ کالج کا طالب علم ہے، جبکہ سندھو پریا ایک نجی ادارے میں ملازمت کرتی ہیں۔

حیدرآباد: چندانگر میں غبارے بھرنے کے لیے استعمال ہونے والے گیس سلنڈر کے اچانک پھٹنے سے زوردار دھماکہ ہوا، جس کے نتیجے میں ایک نوجوان شدید زخمی ہوگیا جبکہ تین دیگر افراد معمولی زخمی ہوئے۔

یہ حادثہ ہفتہ کی شام تقریباً ساڑھے چار بجے جی ایس ایم مال کے سامنے سروس روڈ پر پیش آیا۔ دھماکے کی شدت اتنی زیادہ تھی کہ 19 سالہ وویک پال شدید زخمی ہوگیا اور اس کی ایک ٹانگ الگ ہوگئی۔ وویک پال چندانگر کے ایّپا مندر کے قریب رہتا ہے اور آئس کریم کی گاڑی چلا کر زندگی گزار رہا ہے۔

زخمی ہونے والوں میں مولاگانی جناردھن، 16 سالہ نندیال دھنوش اور 25 سالہ وِنّاکوٹا سندھو پریا شامل ہیں۔ دھنوش سری چیتنیہ کالج کا طالب علم ہے، جبکہ سندھو پریا ایک نجی ادارے میں ملازمت کرتی ہیں۔

اطلاعات کے مطابق دھماکہ غباروں میں گیس بھرنے کے لیے استعمال کیے جانے والے سلنڈر سے ہوا۔ غبارے فروخت کرنے والا جے رام اترپردیش کے قنوج ضلع کا رہنے والا بتایا گیا ہے۔

سلنڈر اچانک کیوں پھٹا، اس کی اصل وجہ تاحال معلوم نہیں ہوسکی۔ پولیس نے مقدمہ درج کرکے تحقیقات شروع کردی ہیں۔