جرائم و حادثات

غیر ازدواجی تعلقات، جوڑے کاقتل

غیر ازدواجی تعلقات کے نتیجہ میں ریاست کے ضلع عادل آباد میں ایک جوڑے کے بیدردانہ قتل کی واردات پیش آئی ہے۔

حیدرآباد: غیر ازدواجی تعلقات کے نتیجہ میں ریاست کے ضلع عادل آباد میں ایک جوڑے کے بیدردانہ قتل کی واردات پیش آئی ہے۔

ضلع کے گڑی ہتھنور منڈل کے تحت ترکم پیٹ پنچایت کے سیتاگنڈی قریہ میں اتوار کے روز شادی شدہ 28 سالہ خاتون اور اس کے 19 سالہ عاشق کی لاشیں دستیاب ہوئی ہیں۔ ان دونوں کی شناخت اشوینی اور محمد رحمان کے طور پر ہوئی ہے۔ دونوں عادل آباد ٹاون کے متوطن بتائے گئے ہیں۔

حملہ آوروں نے ان دونوں کے سروں کو پتھروں سے کچل کر سفاکانہ طور پر قتل کردیا۔ یہ جوڑا جمعہ سے لاپتہ بتایاگیا ہے لیکن ان کی گمشدگی کی شکایت درج نہیں کرائی گئی تھی۔

ابتدائی تحقیقات میں پتہ چلاہے کہ دو بچوں جن کی عمر8 سال سے کم بتائی گئی ہیں کی ماں‘اشوینی کے رحمان کے ساتھ ناجائز تعلقات تھے۔ پولیس نے شبہ ظاہر کیا کہ جس دن جوڑا لاپتہ ہوا تھا اسی دن ان دونوں کا قتل کردیاگیا۔

جرم کے مقام کے قریب ایک اسکوٹر بھی پائی گئی۔پولیس نے پوسٹ مارٹم کے لیے لاشوں کو راجیو گاندھی انسٹی ٹیوٹ آف میڈیکل سائنسس(ریمس) منتقل کردیا اور کیس درج کرتے ہوئے تحقیقات کاآغاز کردیا۔

خاتون کی شادی‘ رمیش نامی شخص کے ساتھ ہوئی تھی اور اس کو دو بچے ہیں تاہم وہ چند ماہ قبل شوہر سے علحدہ ہوگئی تھی۔ شوہر سے علحدگی کے بعد خاتون عادل آباد ٹاون کے‘کے آر نگر میں اپنے والدین کے گھر میں مقیم تھی۔

اس دوران خاتون کے رحمان کے ساتھ ناجائز تعلقات قائم ہوگئے۔ یہ نوجوان ٹاون کے بھکتا پور علاقہ کا رہنے والا بتایاگیا ہے۔ پولیس نے شبہ ظاہر کیا کہ رمیش کی فیملی نے اس جوڑے کا قتل کیاہے۔ پولیس چند مشتبہ افراد سے پوچھ گچھ کررہی ہے۔

a3w
a3w