کھیل

فیفا نے انڈین فٹ بال فیڈریشن کو معطل کردیا

فیفا نے یہاں جاری کردہ بیان میں کہا کہ فیفا کونسل کے بیورو نے متفقہ طور پر تیسرے فریق کے غیر ضروری دباؤ کے تحت کام کرنے کے الزام میں فوری طور پر اے آئی ایف ایف کو معطل کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

زیورخ: بین الاقوامی فٹ بال فیڈریشن (فیفا) نے اس الزام میں منگل کے روز آل انڈیا فٹ بال فیڈریشن (اے آئی ایف ایف) کو معطل کر دیا کہ وہ کسی تیسرے فریق کے "غیر ضروری اثر و رسوخ کے تحت” کام کر رہی ہے۔

فیفا نے یہاں جاری کردہ بیان میں کہا کہ فیفا کونسل کے بیورو نے متفقہ طور پر تیسرے فریق کے غیر ضروری دباؤ کے تحت کام کرنے کے الزام میں فوری طور پر اے آئی ایف ایف کو معطل کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ اے آئی ایف ایف کا یہ طرز عمل فیفا قوانین کی سنگین خلاف ورزی ہے۔

فیفا نے ایک بیان میں کہا ہے کہ انتظامی کمیٹی کے قیام کے حکم کو منسوخ کرنے اور اے آئی ایف ایف کے روزمرہ کے امور اے آئی ایف ایف انتظامیہ کے زیر کنٹرول آنے کے بعد یہ معطلی ختم کردی جائے گی۔

واضح رہے کہ مئی 2022 میں سپریم کورٹ نے اے آئی ایف ایف کے سابق صدر پرفل پٹیل کو برخاست کرتے ہوئے ایک انتظامی کمیٹی تشکیل دے کر فیڈریشن کے انتخابات جلد سے جلد کرانے کا حکم دیا تھا۔

اس معطلی کا مطلب ہے کہ اکتوبر 2022 میں ہندوستان میں منعقد ہونے والا فیفا انڈر- 17 ویمنز ورلڈ کپ 2022 فی الحال ہندوستان میں نہیں ہوگا۔ فیفا فی الحال ٹورنامنٹ کے حوالے سے اگلے لائحہ عمل پر غور کر رہا ہے اور ضرورت پڑنے پر کونسل کے بیورو سے مشورہ کرے گا۔

فیفا نے یہ بھی کہا کہ وہ ہندوستان کی وزارت امور نوجوانان اور کھیل کے ساتھ مسلسل رابطے میں ہے اور پر امید ہے کہ اس معاملے کا مثبت نتیجہ نکل سکتا ہے۔