بھگوا جماعت ہمارے ارکان اسمبلی کو توڑ نہیں سکی: اروندکجریوال (ویڈیو)
چیف منسٹر دہلی اروندکجریوال نے تہاڑجیل سے رہائی کے بعد پہلی مرتبہ اتوار کے دن اپنے سرکاری بنگلہ میں اپنی پارٹی کے ارکان اسمبلی سے ملاقات کی۔

نئی دہلی: چیف منسٹر دہلی اروندکجریوال نے تہاڑجیل سے رہائی کے بعد پہلی مرتبہ اتوار کے دن اپنے سرکاری بنگلہ میں اپنی پارٹی کے ارکان اسمبلی سے ملاقات کی۔
انہوں نے بی جے پی کو یہ کہتے ہوئے نشانہ تنقید بنایاکہ دہلی اور پنجاب میں عام آدمی پارٹی کی حکومت کو گرانے کا بی جے پی کا منصوبہ بری طرح ناکام رہا۔
چیف منسٹر نے عام آدمی پارٹی ارکان اسمبلی سے خطاب میں کہا کہ بی جے پی والے‘ حکومت دہلی کو گرانہیں سکے‘ وہ لوگ ہمارے ارکان اسمبلی کو توڑ نہیں سکے۔ وہ لوگ حکومت پنجاب کو زک نہیں پہنچاسکے۔ ان کا سارا منصوبہ ناکام ہوگیا۔ کجریوال نے کہا کہ تہاڑجیل میں مجھے آپ کی خبرملتی رہتی تھی۔
میں‘ اسٹاف اور جیل کے اندرسیکیوریٹی گارڈس سے باتیں کرتا تھا۔ وہ مجھے ہر رکن اسمبلی کی جانکاری دیتے تھے۔ میں پریشان تھا کہ میری غیر موجودگی میں ہمارا کام متاثر ہوگا لیکن آپ سبھی نے اچھا کام کیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ سنیتاکجریوال‘ دہلی کے وزراء سوربھ بھاردواج‘ آتشی اور چیف منسٹر پنجاب بھگونت مان مجھ سے ملنے جیل میں آیاکرتے تھے اور میں ان سے دہلی میں مختلف ترقیاتی کاموں کے بارے میں پوچھتا تھا۔ چیف منسٹردہلی نے کہا کہ میری گرفتاری سے قبل بی جے پی ارکان مجھ سے ملتے تھے۔
میری گرفتاری کے بعد ان لوگوں نے کہا کہ وہ ہماری پارٹی کو توڑدیں گے اور دہلی میں ہماری حکومت کو بیدخل کردیں گے۔ عام آدمی پارٹی کے تمام ارکان اسمبلی اور بھگونت مان کو اپنے ساتھ ملالیں گے لیکن اس کا الٹ ہوا۔
میری گرفتاری کے بعد ہماری پارٹی اور بھی مضبوط ہوگئی۔ اروندکجریوال نے اپنی پارٹی کے ارکان اسمبلی سے کہا کہ انہیں 2جون کو جیل واپس جانا ہے۔ ان کے دوبارہ جیل جانے کے بعد سبھی ارکان اسمبلی پر ذمہ داری عائد ہوتی ہے کہ وہ پارٹی کا خیال رکھیں۔