تلنگانہ

قاضی پیٹ میں کتوں کا غول محوخواب بچہ پر جھپیٹ پڑا

ریاست تلنگانہ میں پیش آئے ایک اور صدمہ انگیز واقعہ میں آوارہ کتوں نے ایک8 سالہ کمسن لڑکے کی جان لے لی۔ یہ واقعہ، ضلع ہنمکنڈہ میں قاضی پیٹ ریلوے کوارٹرس کے قریب جمعہ کی صبح پیش آیا۔

حیدرآباد: ریاست تلنگانہ میں پیش آئے ایک اور صدمہ انگیز واقعہ میں آوارہ کتوں نے ایک8 سالہ کمسن لڑکے کی جان لے لی۔ یہ واقعہ، ضلع ہنمکنڈہ میں قاضی پیٹ ریلوے کوارٹرس کے قریب جمعہ کی صبح پیش آیا۔

متعلقہ خبریں
آوارہ کتوں پر قابو پانے ویلفیر بورڈ کی سفارشات پر عمل آوری: میئر

آوارہ کتوں کا ایک غول، لڑکے پر جھپٹ پڑا جو ایک درخت کے نیچے تنہا محوخواب تھا۔ یہ بے بس لڑکا یہاں سے بھاگ نہیں سکا اور اس نے موقع پر ہی دم توڑ دیا۔

متوفی کی شناخت چھوٹو کی حیثیت سے کی گئی وہ یو پی کے مائیگرنٹ مزدور ں کا بیٹا بتایا گیا ہے۔ یہ خاندان جمعرات کی رات قاضی پیٹ ریلوے اسٹیشن پہنچا تھا اور قریبی پارک میں محوخواب تھا۔

والدین رفع حاجت کیلئے گئے ہوئے تھے تب لڑکا، درخت کے نیچے سورہا تھا۔ والدین جب واپس لوٹے تو وہ اپنے بیٹے کو خون میں لت پت پڑا ہوا پایا۔ وہ فوری، اس لڑکے کو ہاسپٹل لے گئے لیکن وہ پہلے ہی دم توڑ چکا تھا۔لڑکے کے والدین سکتہ میں آگئے۔

یہ خاندان اجمیر جارہا تھاتاہم کل رات قاضی پیٹ پہنچا۔ گورنمنٹ چیف وہپ ونئے بھاسکر اور مئیر گنڈو سدھا رانی ہاسپٹل پہنچے اور لڑکے کے والدین کو پرسہ دیا۔

پولیس نے چھوٹو کی لاش کو ایم جی ایم ہاسپٹل منتقل کردیا ریاست میں اس طرح کے واقعات کے سلسلہ میں یہ تازہ ترین واقعہ ہے۔

گزشتہ4ماہ کے دوران تلنگانہ میں کتوں کے حملہ میں 4بچوں کی اموات ہوئی ہیں جبکہ دیگر کئی بچے زخمی بھی ہوئے ہیں۔ ضلع ورنگل میں اس طرح کا یہ دوسرا واقعہ ہے۔

گزشتہ ماہ آوارہ کتوں کے حملہ میں زخمی ایک کمسن زخموں سے جانبر نہ ہوسکا تھا۔ شہر حیدرآباد میں 19 فروری کو کتوں کے حملہ میں ایک 4سالہ لڑکا ہلاک ہوگیا تھا۔