مسلم راشٹریہ منچ ملک کی ہر گلی کوچہ میں اقلیتوں سے ملاقات کرے گا
آرایس ایس سے ملحق مسلم راشٹریہ منچ (ایم آرایم) ملک گیر مہم شروع کرے گا تاکہ ”ایک ملک، ایک پرچم اور ایک قومی ترانہ“ کے موضوع پر اقلیتوں تک رسائی حاصل کرسکے۔

نئی دہلی: آرایس ایس سے ملحق مسلم راشٹریہ منچ (ایم آرایم) ملک گیر مہم شروع کرے گا تاکہ ”ایک ملک، ایک پرچم اور ایک قومی ترانہ“ کے موضوع پر اقلیتوں تک رسائی حاصل کرسکے۔
2024 کے لوک سبھا انتخابات سے قبل یہ کام کیا جائے گا۔ تنظیم نے آج اپنے ایک بیان میں کہا کہ ایم آرایم کے کارکن ”سچامسلمان، اچھا شہری“ کے پیام کے ساتھ مسلمانوں سے رجوع ہوں گے۔
آرایس ایس سے ملحق تنظیم نے کہا کہ ایم آرایم والنٹیرس اور ورکرس کے لئے بھوپال میں 8 تا11 جون تین روزہ ٹریننگ پروگرام منعقد کیا جائے گا۔
آرایس ایس کے قومی عاملہ رکن اندریش کمار جو ایم آرایم کے سرپرست اعلیٰ ہیں اس ٹریننگ پروگرام میں موجود رہیں گے۔ آخری ٹریننگ پروگرام 2021 میں اترپردیش کے ضلع غازی آباد میں منعقد کیا گیا تھا۔
اِس میں آرایس ایس سربراہ موہن بھاگوت، جوائنٹ جنرل سکریٹری کرشنا گوپال اور سینئر کارکن رام لال نے شرکت کی تھی۔
ایم آرایم کے ترجمان شاہد سعید نے بتایا کہ 2024 کے عام انتخابات سے قبل مسلم راشٹریہ منچ ایک مہم شروع کرے گا تاکہ ایک ملک، ایک پرچم، ایک قومی ترانہ اور ایک قانون کا پیام ملک بھر کے مسلمانوں تک پہنچاسکے۔
ایم آرایم کارکن سچا مسلمان، اچھا شہری کے پیام کے ساتھ ملک کے ہر گلی کوچہ میں اقلیتوں تک پہنچیں گے۔ سعید نے بتایا کہ ایم آرایم نے مدھیہ پردیش کے دارالحکومت بھوپال کا انتخاب کیا ہے تاکہ ریاست میں مسلمانوں کی قابل لحاظ آبادی کے پیش نظر ٹریننگ پروگرام کا انعقاد عمل میں لایا جاسکے۔